فوٹو بشکریہ فیس بک

نیب نے سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو گرفتار کرلیا
20 فروری 2019 (13:49) 2019-02-20

اسلام آباد: نیب نے سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو گرفتار کرلیا۔ آغا سراج درانی کو اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا ہے۔ ان پر آمدن سے زائد اثاثوں اور سرکاری فنڈز میں خرد برد کا الزام ہے۔

لیگی متوالوں کے بعد جیالے بھی نیب کے شکنجے میں آگئے، نیب کراچی نے آغا سراج درانی کو اسلام آباد کے نجی ہوٹل سے گرفتار کر لیا۔

ذرائع کے مطابق نیب کافی عرصے سے آغا سراج درانی کے خلاف تحقیقات کر رہا ہے اور اس میں اب اہم پیشرفت سامنے آئی ہے جس کی بنیاد پر نیب نے پیپلزپارٹی کے رہنما اور سپیکر سندھ اسمبلی کی گرفتاری کا فیصلہ کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے نیب ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں آج اہم اجلاس ہوا جس میں نیب کراچی کے حکام بھی موجود تھے جب کہ اجلاس میں بتایا گیا کہ آغا سراج درانی اسلام آباد میں ہی موجود ہیں نیب کراچی نے نیب راولپنڈی کی مدد سے کارروائی کی اور آغا سراج درانی کو اسلام آباد کے ایک نجی ہوٹل سے گرفتار کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آغا سراج درانی کو ہوٹل سے نیب کے دفتر منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کا پہلے میڈیکل چیک اپ کرایا جائے گا جس کے بعد عدالت سے راہداری ریمانڈ لے کر انہیں کراچی منتقل کیا جائے گا۔

نیب اعلامیے کے مطابق آغا سراج درانی پر آمدن سے زیادہ اثاثے بنانے کا الزام ہے۔ انھیں کل احتساب عدالت میں پیش کیا جائیگا۔


ای پیپر