کرکٹر عامر حنیف کے بیٹے کی سلیکشن نہ ہونے پر خود کشی
20 فروری 2018 (18:59) 2018-02-20

کراچی:سابق انٹرنیشنل کرکٹر عامر حنیف کے بیٹے محمد زریاب نے مبینہ طور پر ٹیم میں سلیکشن نہ ہونے پر گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کرلی۔ عامر حنیف کے مطابق ان کا بیٹا انڈر 19 ٹیم میں کھیل چکا تھا اور کوچز کے رویئے سے دلبرداشتہ ہوکر اس نے یہ قدم اٹھایا۔


تفصیلات کے مطابق گذشتہ ماہ لاہور میں ہونے والے انڈر 19 ٹورنامنٹ میں محمد زریاب نے کراچی کی نمائندگی کی تھی، اس دوران انجری کے باعث انہیں واپس بھیج دیا گیا تھا اور کوچز نے کہا تھا کہ انہیں ٹیم میں شامل کیا جائے گا لیکن جب وہ کراچی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے زون فور سے کھیلنے گیا تو اسے زائد العمر قرار دے کر گھر واپس بھیج دیا گیا، جس پر دلبرداشتہ ہوکر محمد زریاب نے گذشتہ رات خودکشی کرلی۔


محمد زریاب کے والد عامر حنیف نے الزام عائد کیا کہ 'ان کے بیٹے کو اتنا پریشرائز کیا گیا کہ وہ خودکشی پر مجبور ہوگیا۔ساتھ ہی انہوں نے درخواست کی کہ 'میرا بیٹا تو چلاگیا لیکن دوسروں کے بیٹوں کو بچایا جائے۔


محمد زریاب، عامر حنیف کا بڑا بیٹا اور فرسٹ ایئر کا طالب علم تھا۔محمد زریاب کی لاش کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس کے مطابق پوسٹ مارٹم کے بعد موت کی وجہ معلوم ہوسکے گی۔پولیس کا مزید کہنا تھا کہ مقتول کے اہلخانہ کی جانب سے پولیس سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔


ای پیپر