نواز شریف پارلیمنٹ کیخلاف سپریم کورٹ کو استعمال کررہا ہے: عمران خان
20 فروری 2018 (18:18)

پشاور : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف پارلیمنٹ کے خلاف سپریم کورٹ کو استعمال کر رہا ہے ، جمہوریت اور عدلیہ کو بچانے کیلئے عوام کو سڑکوں پر لاؤں گا، سینیٹ انتخابات کا طریقہ کا ر بدلنا ہو گا،مجھے ایک سینیٹر بنانے کیلئے 40کروڑ روپے کی آفر ہوئی، شریف خاندان کو ڈر ہے کہ ان کے خلاف فیصلہ آنے والا ہے ، نواز شریف عدلیہ مخالف بیانات دے کر توہین عدالت کر رہے ہیں۔


میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیئر مین عمران خان نے کہا کہ شریف خاندان کو ڈر ہے کہ ان کے خلاف فیصلہ آنے والا ہے ، عامر باکسر کو پاکستان لایا جا رہا ہے ، وہ بتائے گا اس نے شہباز شریف کے کہنے پر کتنے قتل کئے، ہم نے 6سینیٹر نامزد کئے ہیں، چاہتے ہیں ہمارے سینیٹر کامیاب ہوں، مجھے ایک سینیٹر بنانے کیلئے 40کروڑ روپے کی پیشکش ہوئی، تحریک انصاف کے لوگ نہیں بکیں گے، سینیٹ انتخابات کا طریقہ کار بدلنا ہو گا، اپنی ذات کیلئے سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال نہیں کیا، ملک کا مستقبل، عدلیہ اور جمہوریت بچانے کیلئے لوگوں کو سڑکوں پر نکالوں گا۔


انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کی عدلیہ کیلئے جلسے کروں گا، آج بھی میں پرائیویٹ ہیلی کاپٹر پر اپنا پیسہ خرچ کر کے پاکستان آیا ہوں، پارلیمنٹ کو انہوں نے استعمال کیا تو ہم سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہوں گے، نواز شریف پارلیمنٹ کو سپریم کورٹ کے خلاف استعمال کر رہے ہیں، سپریم کورٹ نے نواز شریف کو صفائی کے بہت مواقع دیئے، جتنا نواز شریف کو اپنی صفائی دینے کا موقع ملا اتنا کسی پاکستانی کو نہیں ملا، نواز شریف عدلیہ مخالف بیانات د کر توہین عدالت کر رہے ہیں۔


ای پیپر