Pandemic, second wave, Pakistan, NCOC, WHO
20 دسمبر 2020 (17:26) 2020-12-20

لاہور: پاکستان میں عالمی وبا کے حملوں میں تیزی آگئی ، 24 گھنٹوں کے دوران 80 افراد جان بحق جبکہ 2 ہزار 615 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

این سی او سی سے جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق ایکٹو کیسز کی تعداد 40 ہزار 553 تک پہنچ گئے ، متاثرہ مجموعی کیسز کی تعداد 4 لاکھ ستاون ہزار 288 ہو گئی ہے۔

ملک بھر میں عالمی وبا سے اموات کی مجموعی تعداد 9 ہزار 330 ہو گئی جبکہ لاکھوں کی تعداد میں مریض بھی صحت یاب ہو چکے ہیں۔

ادھر خیبر ٹیچنگ ہسپتال پشاور میں آکسیجن کی کمی کے باعث مریضوں کی اموات کے معاملے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی کی دوسری انکوائری رپورٹ میں ہسپتال کے 7 ملازمین کو واقعے کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔ جنہیں ملازمت سے فارغ کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب ہسپتال انتظامیہ نے آکسیجن پلانٹ میں نئی بھرتیوں کا عمل بھی شروع کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ جب یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا تو ترجمان کے پی حکومت نے کہا تھا کہ وزیراعلیٰ نے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے اور فوری تحقیقات کا حکم بھی دیدیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا تھا کہ رپورٹ کو سب کے سامنے منظر عام پر لایا جائے گا اور ذمہ داران کو سخت سزا دی جائے گی۔

خیال رہے کہ صوبہ کے پی میں پی ٹی آئی کی حکومت دوسری بار حکومت کر رہی ہے لیکن صحت کے مسائل جوں کے توں ہیں۔ عوام کا شکوہ ہے کہ تبدیلی سرکار بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں بری طرح ناکام رہی ہے۔


ای پیپر