Travel ban, pandemic, Abdullah bin Zayed Al Nahyan, Pakistan, Shah Mahmood Qureshi
20 دسمبر 2020 (16:07) 2020-12-20

دبئی : متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے کہا ہے کہ امارات 15 لاکھ پاکستانیوں کا دوسرا گھر ہے، موجودہ سفری بندش عالمی وبا کی وجہ سے ہے۔

اپنے بیان میں اماراتی وزیر خارجہ نے کہا کہ وبا کی وجہ سے عائد ویزوں کے اجراء میں پابندیاں عارضی ہیں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے دورہ امارات کے بعد سامنے آنے والے بیان میں شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای نے خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ پاکستانی برادری نے امارات کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے، پاکستان نے امارات کے قیام کے ساتھ ہی سفارتی تعلقات قائم کیے ہیں۔

واضح رہے کہ بھارتی میڈیا کی جانب سے یہ پروپیگنڈا کیا جا رہا تھا کہ متحدہ عرب امارات نے پاکستان پر وباؤ ڈالنے کے لیے سفری پابندی عائد کی ہے۔ جس کا مقصد اسلام آباد کو مجبور کرنا ہے کہ وہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرے۔

یو اے ای کی طرح سعودی عرب نے بھی پاکستان پر دباؤ بڑھایا ہے تاکہ وزیر اعظم عمران خان اسرائیل کو تسلیم کر لیں۔ عمران خان نے اپنے ایک انٹرویو میں یہ کہا تھا کہ دوست ممالک کی جانب سے اُن پر وباؤ بڑھایا جا رہا ہے کہ پاکستان اسرائیل کے ساتھ سفارتی اور تجارتی تعلقات قائم کرے۔

وزیراعظم عمران خان نے واضح کیا تھا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ اُس وقت تک تعلقات استوار نہیں کر سکتے جب تک فلسطین کا مسئلہ حل نہیں ہو جاتا۔

بھارتی میڈیا کے اس پروپیگنڈا کا جواب دیتے ہوئے پاکستانی حکام نے کہا تھا کہ ایسا کچھ نہیں ہے یو اے ای کی جانب سے سفری پابندی صرف عالمی وبا کی وجہ سے لگائی گئی ہے اور دونوں ممالک اس معاملے پر بات کر رہے ہیں۔


ای پیپر