New Zealand, Pakistan, second T20
20 دسمبر 2020 (15:14) 2020-12-20

ہیملٹن: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھی آسانی سے ہرا دیا۔ 164 رنز کا ہدف صرف ایک وکٹ کے نقصان پر آخری اوور میں پورا کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ نے میچ کے ساتھ سیریز پر بھی مہر لگا دی۔ دوسری ٹی ٹوئنٹی میں سوائے حفیظ کے کوئی ڈٹ کر نہ کھیل سکا، پروفیسر نے 99 رنز کی کیریر بیسٹ اننگز کھیلی۔

اوپنر عبداللہ شفیق ایک بار پھر کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے، حیدر علی 8 ، کپتان شاداب خان 4 ، محمد رضوان 22 رنز بنا سکے، خوشدل شاہ بھی 14 رنز بنا پائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساودی نے چار شاہینوں کا شکار کیا۔ نیوزی لینڈ نے کھل کھلا کر بیٹنگ کی ، سیفرٹ نے ایک بار پھر میچ وننگ پرفارمنس دکھائی ، سیفرٹ 84 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے جبکہ ولیمسن 57 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ نیوزی لینڈ نے ایک وکٹ پر ہدف حاصل کیا۔

نیوزی لینڈ سے دوسرے ٹی 20 میں بھی شکست پر عوام نے شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اب تو عادت سی ہو گئی ہے یہ کون سی نئی بات ہے ؟ سمجھ نہیں آتا کون کب اور کیسے ٹیم میں شامل ہو جاتا ہے، جب کارکردگی کو ترجیح دی جائے گی تب ہی بہتر نتائج آنا ممکن ہیں۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی ، 154 رنز کا ہدف میزبان ٹیم نے 19 ویں اوور میں حاصل کیا تھا۔ 

پاکستان کی جانب سے شاداب خان کے 42 اور فہیم اشرف کے 31 رنز نے اسکور 153 تک پہنچایا۔ کیویز شروع میں لڑکھڑائے ضرور لیکن گھبرائے نہیں ، سیفرٹ کی 50 نے نیوزی لینڈ کی منزل آسان کی، نیوزی لینڈ نے 19 ویں اوور میں ہدف پار کیا۔


ای پیپر