Resignation, February, Sheikh Rashid, PDM, PML-N, PPP
20 دسمبر 2020 (14:32) 2020-12-20

اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید نے پی ڈی ایم کی قیادت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ استعفے فروری میں کیوں دینے ہیں کل ہی دے دیں، جس کا دل چاہتا ہے آجائے لانگ مارچ کرے، ہم استقبال کے لیے تیار ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ جنہوں نے استعفے فروری میں دینے ہیں وہ کل دے دیں اپنا شوق پورا کریں۔ ڈنکے کی چوٹ پر کہتا ہوں کہ عمران خان 5 سال پورے کریں گے۔ وزیر اعظم عمران خان قوم کو آگے لے کر جائیں گے اور ملک کی معیشت کو بھی بہتر کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے مجھ پر اعتماد کیا ہے ، تمام تحصیلوں میں شناختی کارڈ دفاتر کھولے جائیں گے۔ شیخ رشید نے کہا کہ ایک لاکھ شناختی کارڈ روز جاری ہوں گے اور پہلا شناختی کارڈ مفت دیا جائے گا۔ ساری دنیا میں وزارت خارجہ سے مل کر شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بھجوائیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اسلام آباد سے تمام چیک پوسٹیں ختم کر دی ہیں، 100 دن میں وزارت داخلہ میں تبدیلی ہو گی ، وزیراعظم عمران خان نے مجھ پر اعتماد کیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ اتوار ہونے والے پی ڈی ایم کے جلسے میں مولانا فضل الرحمان اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کو گھر بھیجنے کے لیے اپوزیشن جماعتیں اسلام آباد لانگ مارچ کرے گی۔ دونوں رہنماؤں نے یہ بھی واضح کیا تھا کہ اسلام آباد پہنچ کر پی ڈی ایم رہنما اپنے استعفے پیش کریں گے۔

انہوں نے کہا تھا کہ عمران خان اگر اس لانگ مارچ سے پہلے استعفیٰ قوم کو پیش کر دیں تو پی ڈی ایم لانگ مارچ کا ارادہ ترک کر دے گی ورنہ ایسا لانگ مارچ ہو گا کہ عمران خان گھر جانے پر مجبور ہو جائیں گے۔


ای پیپر