خواتین کے تھانے کی ممکنہ صورتحال
20 دسمبر 2019 2019-12-20

تم سب کو اپنے دفتر اِ س لیے بلایا ہے کہ تم مجھے باجی باجی کیوں کہتی ہومیں تھانے کی ایس ایچ ہوں جب مرد ایس ایچ او کو کوئی اہلکاربھائی نہیں کہتا بلکہ سر کہا جاتا ہے تو تم مجھے میڈم کیوں نہیں کہتیں ؟میڈم کہتے ہوئے کیاموت پڑتی ہے ؟جب تم مجھے باجی کہتی ہو تو ایسا لگتا ہے تم سب جوان ہو میں اکیلی ہی تھانے میں بوڑھی کھوسٹ ہوں آئندہ مجھے جو بھی باجی کہے گی میں اُس کی غیر حاضری لگائوں گی اور ہاں جس نے کسی سے رشوت لی تو کان کھول کر سُن لومیں اُس سے بہت بُرا پیش آئوں گی رشوت لینے کی پاداش میں تبادلے پرہی اکتفا نہیں کروں گی بلکہ شوکاز بھی ہو سکتا ہے اور ہاں ایک اور اہم بات کہنی تھی سب بچے گھر چھوڑ کر آیا کرو تم جب تھانے میں بچے چُپ کراتے ہوئے لوریاں سُناتی ہو تو ماحول خراب ہوتا ہے ایسا لگتا ہے بے سُری گلوکارائیں کورس گا رہی ہوں یہ تھانے میں الگنی پر کِس نے کپڑے ڈال رکھے ہیں آئیندہ ڈیوٹی ٹائم میں کوئی اہلکار کپڑے نہیں دھوئے گی یہ تھانہ ہے دھوبی گھاٹ نہیں دفتر کی روزانہ صفائی ہونی چاہیے سنتری کہاں ہے؟اجتماعی قہقہ۔سنتری کہنے پر تم نے قہقہ کیوں لگایا ہے میں تمھیں ہدایات دے رہی ہوں اور تم دانت نکال رہی ہوکیا تم نے ڈیوٹی نہیں کرنی؟سب کا مشترکہ جواب ۔کرنی ہے جی۔ اِس لیے ہنسی ہیں جتنی اُس کی جان ہے سنتری ہی نام جچتا ہے سنترانہیں۔کیا مطلب؟دیکھیں جی اتنی کمزور کو سنتری کہنا ہی زیبا ہے۔ لگتا ہے تم باز نہیں آئو گی مجھ سے بے عزت نہ ہوجانا سمجھیں تم ۔حسد کی یہاں اجازت نہیں۔جی سمجھ گئیں جی۔

اب آئو تھانے کا معائنہ کریں یہ کیا؟ محرر تم نے میز پر آلو ،پیاز،تھوم اورادرک کیوں سجا رکھا ہے؟جی سجا نہیں رکھاباجی۔ سوری میڈم ۔جی کل دفتر سے گھرجاتے ہوئے دیر ہوگئی تھی اِس وجہ سے کھانا وقت پر تیار نہ کر سکی تو میری ساس نے مجھے سخت سُست اور کام چور کہہ کر بے عزت کیا شوہر نے بھی کئی جلی کٹی سُنائیں اسی وجہ سے ترکاری دفتر لے آئی ہوں تاکہ فارغ وقت میں کچھ گھر کاکام بھی ہوجائے جی۔اچھا اچھاٹھیک ہے زیادہ ذہانت ظاہر کرنے کی کوشش نہ کرویہ بتائو صفائی کرنے والی کدھر مر گئی ہے ؟بلائو اُسے جلدی ۔جی وہ سڑک کے دوسرے کنارے پر بنی کپڑوں کی دُکان پرنئے ڈیزائین دیکھنے گئی ہے ابھی آتی ہوگی۔ ہے تو بڑی ذمہ دار۔خاک ذمہ دار ہے صفائی کا نام ونشان نہیں اور وہ کپڑوں کے ڈیزائین دیکھتی پھر رہی ہے میری رحمدلی سے ناجائز فائدہ اُٹھانے کی کوشش نہ کرومجھے غصہ آجائے نہ تو پھر میں کوئی لحاظ نہیں کرتی۔اپنے لیے ڈیزائن پسند کرتی پھرتی ہیں میرا تو کسی کو خیال ہی نہیں ۔

ارے تو اِتنی دیر سے کیوں دفتر آرہی ہے ؟میری بات ذہن نشین کرلو دفتر کو دفتر سمجھومہمان خانہ نہیں اگر تمھارے یہی چلن رہے تو مجھے ایکشن لینا پڑے گا۔جی وہ میری ساس صبح صبح لڑنے لگی تھی کہ اپنے بچے کو کِھلا پِلا کر ڈیوٹی پر جائو اِس لیے دفتر دیر سے آئی ہوں آئیندہ بروقت آیا کروں گی ایک بار معاف کردیں ۔پہلے کبھی دیر نہیں ہوئی میں اپنا سارا کام بہت اچھا کرتی ہوں۔خاک اچھا کام کرتی ہوں کھچڑی میں نمک زیادہ ڈال دیتی ہو،کھیر کو جلا دیتی ہو،نہاری بنانے کا تمھیں طریقہ نہیں آتاپھر بھی تم اپنے کام کو اچھا کہتی ہو تم کیا سمجھتی ہو میری ساس مجھ سے جھگڑانہیں کرتی وہ میرے شوہر کو میرے خلاف نہیںبھڑکاتی ؟میں نے توکبھی بہانہ نہیں بنایا وقت پر دفتر آجاتی ہوں حالانکہ میں انچارج ہوں دیر سویر ہوبھی جائے تو کوئی بات نہیں ایک تم ہو بہانے بناتی ہولیکن ایسا رویہ میں زیادہ دیر برداشت نہیں کروں گی کسی نے بھول کر بھی غلطی کی تو سزا ملے گی پھر نہ کہنا کسی نے تنبیہ نہیں کی ۔

محرر تم بتائو تھانے میں کسی چیز کی کمی تو نہیں ؟جی کئی چیزوں کی کمی ہے تھانے میں کوئی واشنگ مشین نہیں نہ ہی کوئی اوون ہے چولہا بھی نہیں مصالحہ کِس میں پیسنا ہے یہاں کوئی بندوبست نہیں مہربانی کریں پولیس آفیسر کو تھانے کی ضروریات سے آگاہ کریں۔ہائیںکیا کہہ رہی ہو یہ تھانہ ہے ۔گھر نہیں۔کپڑے دھونے پر میں نے پہلے ہی پابندی لگا دی ہے تھانے کو تھانہ ہی رہنے دو ہوٹل بنانے کی کوشش نہ کروایس پی سے ایسی چیزوں کا مطالبہ کرکے مجھے بے عزت ہونے کا کوئی شوق نہیں ۔ار ی محرر یہ تمھارے میز پر ٹماٹر کیوں پڑے ہیں؟جی صبح ایک سائل آئی تھی کہ اُس سے شوہر لڑتا جھگڑتا ہے وہ کاروائی کرانا چاہتی تھی لیکن میں نے سمجھا بجھا کر واپس بھیج دیا ہے اور بتایا ہے کہ یہ خواتین کا تھانہ ہے یہاں مردوں کا کیا کام؟اگر کاروائی پر بضد ہوتو خاوند کے خلاف درخواست ہمیں دے جائو لیکن کاروائی کے لیے مرد ایس ایچ او کے پاس جائو۔میڈم۔سائلہ کوئی بہت اچھی عورت تھی میری بات سمجھ گئی جب میں نے کہا کہ خواتین کے تھانے میں رشوت لینے پر سخت پابندی ہے تو ایک کلوٹماٹر دے گئی ہے آپ کا حصہ الگ کرکے آپ کے دفتر میں رکھوادیا ہے اچھا شاباش۔تم مجھے ذمہ دار اور دیانتدارلگتی ہومجھے یقین ہے تم بہت ترقی کرو گی لیکن جب ترقی کرو تو میری جگہ ایس ایچ نہ لگ جا نا۔

جی یہ بھی بتانا تھا کہ آنے والی سائلہ نے اچھے ڈیزائین کے کپڑے پہن رکھے تھے پرس اور جوتی بھی لباس کے ہمرنگ تھے میں نے تصاویر بنالی ہیں کہ ممکن ہے آپ ایسا زرق برق لباس بنوانا پسند فرمائیں ۔میں بھی اپنے لیے اسی ڈیزائین کے کپڑے بنوانا چاہتی ہوں ۔تو کیوں بنوانا چاہتی ہے؟اپنی اوقات میں رہومیں تو آفیسر ہوں ۔میڈم رحم کریں فیصلے میں کچھ نرمی کریں ۔ہہم۔اچھا ایساکرو ۔پہلے میں کپڑے بنوائوں گی کچھ دن بعد تم بنوانا تاکہ لوگ یہ نہ سمجھیں کہ میں اور تم برابر ہیں عہدے کا فرق لباس سے بھی ظاہر ہونا چاہیے سمجھیں تم؟جی سمجھ گئی جی۔ویسے ایک بات کہوں محرر پر مہنگااور اچھا لباس جچتا نہیں اِس لیے پیسے نہ ہی ضائع کرو تو بہتر ہے۔

وہ نائب محرر کدھرہے؟نظر نہیں آرہی ۔آج بھی چھٹی پر تو نہیں ؟ نہیں جی۔صبح آئی تو تھی ذرا بازار کا چکر لگانے گئی ہے کہہ رہی تھی آپ کے لیے اچھے برانڈ دیکھنے جا رہی ہوں آکر آپ کو ہی رپورٹ دے گی ۔واہ۔بہت اچھا۔اُسے کسی اور کام پر نہ لگانا بازار کی بیٹ بھی اُسے دے دو برانڈ کے ساتھ بازار کی صیح ڈائری وہی لا سکتی ہے اور اچھی سلائی کڑھائی کہاں ہوتی ہے اُس سے دریافت کرو لیکن زیادہ سختی نہ کرنا کہیں پریشان ہی نہ ہوجائے پہلے ہی میرابہت خیال رکھتی ہے ۔

اچھا یہ بتائو یہ سب انسپکٹر نے اِتنے خوبصورت اورمہنگے کپڑے کیسے بنوائے ہیں تنخواہ میں تو ایسے لچھن ممکن ہی نہیں۔میڈم مہنگے کہاں جی ۔بہت سستے ہیں کوٹ اور فراق لنڈے سے خرید کر اب اتراتی پھر تی ہے۔ تمھیں کیسے پتہ لنڈے کے ہیں؟جب یہ خریداری کر رہی تھی تو میں بھی وہیں پر تھی۔بہت اچھا۔اِس پر نظر رکھو اور لنڈے والی بات سب کو بتادو کہیں میری طرح سب حسرت بھری نظری سے اُس کے کپڑے ہی نہ دیکھتی پھریں ویسے لنڈے میںکوئی بہتر چیز نظر آئی تو چُپکے سے خرید لانامیںتمھیں پورے پیسے دوں گی اور ہاںکہیں کوئی جدید ڈیزائین دیکھو تو فوراََتصاویر بنا لیا کرو دونوں کپڑے بنواکر اِس کو جلائیں گی ۔ جدید تراش خراش کے لباس پہننے والی کو۔

کوئی بات رہ تو نہیں گئی بتانے والی؟۔وہ جی سبزی لانی ہے صبح صبح تازہ اور سستی سبزی ملتی ہے۔ گُڈ آئو دونوں سبزی خریدنے چلتی ہیں تھانے میں ویسے بھی ابھی کوئی کام نہیں کوئی سائلہ آئی تو جلدی آجائیں گی کیا خیال ہے راستے میں اپنی اپنی ساس اور نند کے کرتوتوں پر بھی ڈسکس کر لیں گی ۔جی میڈم چلیں ۔میں نے اپنے بچے کے جوتے بھی خریدنے ہیں۔ ہاں یادآیا میں نے بھی دوپٹہ رنگ کرانا ہے۔


ای پیپر