عالم اسلام کو امریکی ڈالر، مالی نظام سے چھٹکارا حاصل کرنا چاہیے: حسن روحانی
کیپشن:   فائل فوٹو
20 دسمبر 2019 (10:10) 2019-12-20

کوالالمپور سمٹ کے افتتاحی اجلاس سے خطاب میں عالم اسلام کو درپیش مختلف چیلنجوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا کہ عالم اسلام کو امریکی ڈالر اور مالی نظام سے چھٹکارا حاصل کرنے کیلئے کوئی تدبیر کرنی چاہیے۔ ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ بیرونی مداخلتوں کی وجہ سے مختلف اسلامی ممالک میں حالات خراب ہیں، خانہ جنگی ہے اور بدامنی بھی۔

اپنے خطاب میں حسن روحانی نے ثقافتی، سکیورٹی، اقتصادی اور عدم پیشرفت کو عالمی اور قومی سطح پر عالم اسلام کیلئے جملہ چیلنجز قرار دیا۔ انہوں نے عالم اسلام کیلئے قومی اور اسلامی شناخت کو کمزور کرنے اور اغیار کی ثقافت کو سنجیدہ خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ شام اور یمن کی جنگ اور عراق، لیبیا، لبنان اور افغانستان کی ناگفتہ بہ صورتحال ملکی سطح پر انتہا پسندی اور غیر ملکی مداخلت کا نتیجہ ہے۔

ایران کے صدر نے اسلامی ممالک کے مابین باہمی تعاون کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ باہمی سیاسی اور اقتصادی کیپیسٹی اور تعاون عالم اسلام کو عالمی سطح پر ایک عظیم قوت و طاقت بنا سکتا ہے جبکہ اسلامی ممالک کی سائنس و ٹیکنالوجی سے استفادہ بہت سے شعبوں میں پسماندگی کو دور اور دوسروں کی تسلط پسندی سے نجات کا باعث بن سکتا ہے۔

صدر مملکت نے فلسطین کے مسئلے کو عالم اسلام کا اہم مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے مسئلے سے غفلت اور فرعی اور تفرقہ انگیز مسائل کی جانب توجہ بہت نقصان کا باعث بن سکتی ہے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے ملائیشیا کے وزیراعظم کی دعوت پر کوالالمپور سمٹ میں شرکت کیلئے ملائشیا کا دورہ کیا ہے۔ وہ اس دورے کے اختتام کے بعد جاپان کا دورہ کریں گے جہاں وہ جاپانی وزیر اعظم کیساتھ ملاقات کریں گے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کے کہنے پر اس اجلاس کا بائیکاٹ کیا ہے۔ سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ کواللمپور اجلاس میں شرکت نہ کرنے سے مسئلہ کشمیر پر پاکستان مزید کمزور ہوجائے گا۔


ای پیپر