file photo

پنجاب میں بارش کے سبب مختلف حادثات میں 14 افراد جاں بحق
20 اگست 2020 (13:22) 2020-08-20

لاہور:صوبہ پنجاب میں بارشوں نے تباہی مچا دی،مختلف حادثات میں 14 افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف علاقوں میں ہونے والی شدید بارشوں سے متعدد گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سمیت مختلف واقعات میں 14 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

لاہور کے علاقے ہربنس پورہ میں مکان کی چھت گرنے سے 4 افراد جاں بحق جبکہ 7افراد شدید زخمی ہوگئے،حادثے میں زخمی 3افراد کو سروسز اسپتال اور 4کو میو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔شیخوپورہ میں مریدکے روڈ پر ملیاں کلاں گاﺅں میں مکان کی چھت گرنے سے 2افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 7افراد زخمی ہوگئے۔زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

صوبہ پنجاب کے شہر پھالیہ میں محلہ امیر میں تیز بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی، ملبے میں دب کر ماں اور 4بچے جاں بحق ہوگئے۔حادثے میں جاں بحق بچوں کی عمریں 2سے 8 سال کے درمیان ہیں۔چکوال میں کلر کہار کے علاقے بھال میں مٹی کا تودہ گرنے سے 3افراد جاں بحق جبکہ 5افراد زخمی ہوگئے۔زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے چھتیں گرنے کے واقعات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے انتظامیہ سے حادثات کی رپورٹ طلب کر لی۔


ای پیپر