United Arab Emirates, UAE, extended the repayment date, Pakistan
20 اپریل 2021 (23:04) 2021-04-20

اسلام آباد:پاکستان نے دو ارب ڈالرز کی وصولی موخر کرنے پر متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کی مسلسل مدد اور تعاون خصوصا ابوظہبی فنڈ کی 2ارب ڈالرز ڈیپازٹ کی مدت میں اضافے کو سراہتا ہے.

وزارت خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے فیصلے کے متعلق حال ہی میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو بتا یا گیا جب وہ متحدہ عرب امارات میں موجود تھے ،ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا یہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون پر مبنی تعلقات کا ایک اور اظہار ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اماراتی وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے وزارتِ خارجہ، متحدہ عرب امارات آمد پر اپنے پاکستانی ہم منصب کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔اماراتی ہم منصب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان سے ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات ،کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،دونوں وزرائے خارجہ کے مابین ، تجارت، سرمایہ کاری، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، توانائی، ٹیکنالوجی، سیاحت اور افرادی قوت سمیت باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

وزیر خارجہ نے ایکسپو 2020دبئی میں پاکستانی پویلین کے قیام میں اماراتی حکومت کی بھرپور معاونت پر، اماراتی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا جبکہ اماراتی وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو بتایا کہ متحدہ عرب امارات نے، ابو ظہبی فنڈ سے پاکستان کو دیے گئے 2 ارب ڈالر امدادی قرض کی واپسی کی مدت میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر خارجہ نے اس خیر سگالی اقدام پر اماراتی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، اسے پاکستان اور یو اے ای کے درمیان بڑھتے ہوئے دو طرفہ تعلقات کا مظہر قرار دیا۔ واضح رہے کہ پاکستان کو ابوظہبی فنڈ سے ملنے والے دو ارب ڈالر امدادی قرض کی ادائیگی، 19 اپریل 2021 تک کرنا تھی۔


ای پیپر