Absar Alam,Pakistan Media,Pemra,Sheikh Raseed
20 اپریل 2021 (20:31) 2021-04-20

اسلام آباد:سابق چیئرمین پیمرا و سینئرصحافی ابصار عالم نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہو گئے، انہیں طبی امداد کے لیے فوری قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق  صحافی ابصار عالم  پر اسلام آباد کے ایف الیون پارک میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کی ہے جس سے وہ زخمی ہو گئے ہیں،پولیس ذرائع کے مطابق ابصار عالم کو پیٹ پر گولی لگی ہے اور انہیں طبی امداد کے لیے فوری قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے،بتایا گیا ہے کہ ابصار عالم ایف 11 پارک میں واک کررہے تھے کہ نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کر دی۔

سابق چیئرمین پیمرا نے اپنے ابتدائی بیان میں بتایا کہ مجھے لگا کہ ایک نامعلوم شخص میری طرف آرہا ہے جو مجھ پر فائرنگ کرکے فرار ہو گیا ،ابصار عالم کا کہنا تھا کہ نہ میں پہلے کبھی کسی سے ڈرا ہو ں اور نہ ہی اس حملے کےبعد میرے حوصلے پست ہو ئے ہیں ،ابصار عالم نے اپنے او پر حملہ کروانے والوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ میںحوصلہ ہارنے والوں میں سے نہیں ہوں ۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سینئر صحافی ابصار عالم پر فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا،وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے آئی جی اسلام آباد کو فون کر کے فائرنگ میں ملوث شخص کو جلد از جلد گرفتار کرنے کی ہدایت  کی ۔

 انہوں نے کہا کہ ابصار عالم پر فائرنگ کرنے والے بہت جلد قانون کی گرفت میں ہونگے، دریں اثناء وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین  نے   ٹویٹ میں ابصار عالم پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے لکھا کہ پولیس کو واقعہ کی فوری تحقیقات کا کہ دیا ہے جوں ہی تفصیلات سامنے آئیں گی میڈیا کے سامنے رکھیں گے۔


ای پیپر