کالعدم ٹی ایل پی کا مرکزی دھرنے سمیت ملک بھر میں احتجاج ختم کرنے کا اعلان
سورس:   فائل فوٹو
20 اپریل 2021 (20:29) 2021-04-20

لاہور: حکومتی کاوشیں رنگ لے آئی ہیں، کالعدم تحریک لبیک (ٹی ایل پی) نے مرکزی دھرنے سمیت ملک بھر میں احتجاج ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کالعدم تحریک لبیک کے مرکزی رہنما کی جانب سے جاری اہم بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے قومی اسمبلی میں قرارداد پیش کرکے اپنا وعدہ پورا کر دیا جبکہ دیگر معاملات سے متعلق بھی مثبت پیشرفت ہوئی ہے۔

دوسری جانب چیئرمین قران بورڈ پنجاب کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ تحریک لبیک ایک ماہ کے اندر پارٹی کو کالعدم قرار دینے کے معاملے پر نظر ثانی کی درخواست دائر کر سکتی ہے۔

انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں فریقین کے درمیان کسی قسم کی ڈیڈ لاک پیدا کرنے کی کوشش نہیں کی گئی۔ ہنگاموں کے دوران کچھ مخصوص علاقوں میں پراپرٹی کو بھی نقصان پہنچایا گیا لیکن کالعدم تحریک لبیک کے قائدین کا کہنا ہے کہ ان عناصر سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں فریقین میں املاک کو جلانے والوں کی نشاندہی کرنے پر اتفاق رائے موجود ہے اور املاک کو جلانے والوں کی شناخت کرکے بے نقاب کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ نظرثانی کی درخواست کا فیصلہ کالعدم تحریک لبیک کی قیادت کرے گی اور ہم نے اس معاہدے میں ثالث کا رول اور گارنٹی بھی دی ہے۔ پارٹی پر پابندی کے حوالے سے ہمیں مکمل میرٹ پر فیصلے کی گارنٹی دی گئی ہے۔ ٹی ایل پی اپنی تمام جنگ آئینی اور قانونی طور پرلڑنا چاہتی ہے۔

بشکریہ(نیو نیوز)


ای پیپر