Video message, Shah Mahmood Qureshi, purpose, visit, Iran, Mohammad Javad Zarif
20 اپریل 2021 (14:16) 2021-04-20

اسلام آباد: شاہ محمود قریشی متحدہ عرب امارات کا 3 روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد ایران روانہ ، روانگی سے قبل دورہ ایران کے مقاصد سے متعلق اہم ویڈیو پیغام بھی جاری کر دیا ۔

اپنے پیغام میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایرانی قیادت کے ساتھ خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کا موقع ملے گا ۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کا پڑوسی ہونے کے ناطے ، افغان امن عمل ایران کیلئے بھی اہم ہے ۔ افغان امن عمل پر ایرانی وزیرخارجہ کے خیالات جاننے کا موقع ملے گا ۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ دورے کا مقصد ایران سے مشاورت کے بعد حکمت عملی میں یکسوئی لانا ہے ۔ ایران کے ساتھ تعلقات آگے بڑھانے کے امکانات پر بھی بات ہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر دو ٹوک موقف اختیار کرنے پر سپریم لیڈرشپ کا شکر گزار ہوں ، ایران نے پاکستان کے موقف کی ہمیشہ حمایت کی ۔ ایران صرف ہمسایہ ملک نہیں بلکہ آزمایا ہوا دوست ہے ، ہم نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کی معاونت کی ہے ۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بارڈر مارکیٹوں کے قیام کی پاکستان کی تجویز ایران نے پسند کی ، دورے میں بارڈر مارکیٹوں کے قیام کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہو گی اپنے دو طرفہ تعلقات کو پہلے سے زیادہ مضبوط اور مستحکم بنائیں ۔


ای پیپر