Pakistan, PTI government, PM Imran Khan, Ahsan Iqbal, PML-N
20 اپریل 2021 (13:00) 2021-04-20

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان آگ اور خون کا کھیل برداشت نہیں کرسکے گا ، حکومت اپوزیشن پر الزام لگانے کے بجائے قوم کو جواب دے ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ سنگین مسئلے پر حکومت نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ۔ حکومت نے غیرسنجیدہ رویہ رکھا اور کالعدم تنظیم سے معاہدہ کرلیا ۔ انہوں نے کہا کہ جب وزرا دستخط کر رہے تھے تو کیا اُن کی عقل سیر کرنے گئی تھی ۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ حکومتی نااہلی اور غفلت کے باعث ملک بحران کا شکار ہے ، بحران کو گفتگو سے حل کیا جائے تاکہ حالات نہ بگڑیں ۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے تمام فریقین گفت و شنید سے مسئلے کا حل نکالیں گے ۔

احسن اقبال نے کہا کہ ناموس رسالت ﷺ پر ہر مسلمان مر مٹنے کو تیار ہے ۔ وزیراعظم نے گزشتہ روز جو تقریر کی وہ سب کے سامنے ہے ۔ سفارتکاری پر وزیرخارجہ اور وزیراعظم کی زبانیں بند ہیں ۔

اس سے قبل سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ناموس رسالت ﷺ کے معاملے پر کوئی دورائے نہیں ، جب مذاکرات کرنے تھے تو کالعدم کیوں قرار دیا ، حکومت جو وعدے کرتی ہے وہ پارلیمنٹ کے سامنے لانے چاہئیں ۔

شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ خلائی مخلوق اب زمینی مخلوق بن چکی ہے ، لاہور میں جو کچھ ہوا اس کے حقائق سامنے نہ آسکے ۔ ٹرتھ کمیشن بنا دیں ، حقائق آپ کے سامنے آجائیں گے ۔ ملکی حالات خراب ہوتے جا رہے ہیں ، کسی کو پرواہ نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ وزیروں کو آگے پیچھے کرنے سے معاملات بہتر نہیں ہوں گے ۔ جو وزیر نالائق ہو وہ دوسرے عہدے پر بھی نالائق ثابت ہوتا ہے ۔ جس ملک کے وزیر جھوٹ بولتے ہوں وہاں کیا توقع رکھی جاسکتی ہے ۔ مظاہرین کہہ رہے ہیں سفیر کو نکالنے کا وعدہ کیا تھا ، یہ وعدہ کس نے کیا ؟ جمہوریت کے اس دور میں جماعتوں کا کالعدم قرار دیا جاتا ہے ۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ وزیراعظم کی گزشتہ روز تقریر کی کسی کو سمجھ نہیں آئی ، وزیراعظم میں ہمت تھی تو پارلیمنٹ میں تقریر کرتے ۔


ای پیپر