پاکستان پرامن بقائے باہمی کی پالیسی پر یقین رکھتا ہے : خرم دستگیر
20 اپریل 2018 (17:16) 2018-04-20


وارسا: پاکستان اورپولینڈ نے مختلف شعبوں خصوصا دفاع کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کی خواہش کااظہارکیاہے۔تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع خرم دستگیر پولینڈ کے تین روزہ دورے پر ہیں ، جہاں انہوں نے اپنے ہم منصب سے ملاقات کی ، ملاقات میں پولینڈ کے وزیر دفاع نے دفاع کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کی خواہش کااظہارکیاہے۔اس موقع پر خرم دستگیرنے افغانستان اور خطے میں امن اوراستحکام کے فروغ کیلئے سیکیورٹی کے حوالے سے پاکستان کے موقف اور کوششوں کی تفصیلی وضاحت کی ۔


اپنے پولش ہم منصب اوردیگر معززین کے ساتھ بالمشافہ ملاقاتوں کے دوران وزیردفاع انجینئرخرم دستگیرخان نے بتایا کہ پاکستان پرامن بقائے باہمی کی پالیسی پریقین رکھتا ہے اورپاکستان ہرقسم کی دہشتگردی خواہ کسی بھی شکل میں ہو، کی شدید مذمت کرتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نے خفیہ معلومات کے تبادلوں سے دنیابھرمیں دہشتگردی کے کئی واقعات رونما نہ ہونے دیئے اور دنیا کو دہشتگردی کے واقعات سے بچایا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں کثیرالجہتی تعاون کیا۔یاد رہے کہ دورہ کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون بارے مفاہمت کی یادداشت پردستخط کئے گئے، مفاہمت کی اس یادداشت سے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون بڑھانے میں مدد ملے گی، دونوں ممالک1960سے دفاعی تعاون کی طویل مشترکہ تاریخ رکھتے ہیں۔


ای پیپر