کراچی حیدر آباد ایم نائن موٹروے پر حادثہ میں 7 افراد جاں بحق
20 اپریل 2018 (15:44)


کراچی : کراچی حیدرآباد ایم نائن موٹروے پر کار کے خوفناک حادثے میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد جھلس کر جاں بحق ہو گئے، جن میں ایک نوبیاہتا جوڑا بھی شامل تھا جبکہ ایک بچی معجزانہ طور پر محفوظ رہی۔


تفصیلات کے مطابق کراچی سے جیکب آباد جانے والی کار ایم نائن موٹروے پر لونی کوٹ کے قریب آگے چلنے والی گاڑی سے ٹکرا گئی۔حادثے کے نتیجے میں آگ لگنے سے کار میں سوار ریٹائرڈ ٹیچر علی شیر کے گھر کے 7 افراد موقع پر ہی جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 22 سالہ صدف، سچل تھانہ کا کانسٹیبل علی حسن، 24 سالہ افروز، 40 سالہ عبدالحفیظ، رفعت، 1 سالہ محمد علی اور علی شیر کے نام سے ہوئی، جو جیکب آباد کے رہائشی تھے۔


علی حسن اور صدف کی دو روز قبل ہی شادی ہوئی تھی جبکہ کار میں سوار افراد میں سے 3 سالہ شفا معجزانہ طور پر محفوظ رہی۔حادثے کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے لاشیں سول اسپتال حیدرآباد منتقل کیں جہاں سے لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔ادھر کراچی کے علاقے گل بائی میں گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق اورخاتون زخمی ہوگئی جبکہ چونیاں میں ملتان روڈ پر مل کی بس کو حادثے کے نتیجے میں 25 افراد زخمی ہوگئے۔


ای پیپر