پی ایس ایل 6 پر سوالیہ نشان ،اہم وجہ سامنے آگئی 
19 ستمبر 2020 (18:49) 2020-09-19

لاہور :پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کی مقبول ترین اور متحرک فرنچائز لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر عاقب جاوید نے کہا ہے کہ پی ایس ایل فائیو کے باقی میچز کا ہونا بہت ضروری ہے، اگر یہ میچز نہ ہو ئے تو پھر پی ایس ایل 6 پر بھی سوالیہ نشان لگ جائیگا۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل فائیو مارچ میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہو ئے کیسز کی وجہ سے ملتوی کر دی گئی تھی ،اب صورت حال بہتر ہونے پر پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے پی ایس ایل فائیو کے باقی میچز 14، 15     اور 17 نومبر کو کرانے کا اعلان کر رکھا ہے اس ضمن میں ڈائریکٹر لاہور قلندرز عاقب جاوید نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پی ایس ایل کے میچز ملتوی ہوئے تاہم اب اچھی خبریں یہ ہیں کہ پاکستان میں حالات بہتر ہیں، پاکستان میں قرنطینہ بھی زیادہ نہیں کرنا پڑتا اور زیادہ سے زیادہ 48 گھنٹوں کا قرنطینہ کر دیا گیا ہے جو کہ اچھی چیز ہے۔

سابق قومی کرکٹر نے کہا کہ دوسرے ممالک میں اب بھی قرنطینہ 15 روز کا چل رہا ہے، اگر پاکستان میں بھی قرنطینہ 15 روز کا ہوتا تو مجھے نہیں لگتا تھا کہ غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آنے کی حامی بھرتے لیکن اب ایسا نہیں ہے۔ ڈائریکٹر لاہور قلندرز عاقب جاوید نے کہا کہ 48 گھنٹوں کی وجہ سے اب کسی کھلاڑی کے لیے معذرت پیش کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔

عاقب جاوید نے کہا کہ پی ایس ایل کے میچز کے انعقاد کے لیے اخبارات میں بہت کچھ پڑھنے کو ملتا ہے کہ براڈ کاسٹرز اور فرنچائزز کے مسائل کے حوالے سے چیلنجز ہیں، مجھے امید ہے کہ پی سی بی ان چیلنجز پر پورا اترے گا اور  یہ میچز ضرور ہوں گے۔


ای پیپر