مولانا نے اگر گرفتاری والا کام کیا تو انہیں گرفتار کر لینگے :اعجاز شاہ
19 ستمبر 2019 (18:00) 2019-09-19

کوئٹہ: وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے مولانا فضل الرحمن کے دھرنے سے متعلق امکان ظاہر کیا کہ وہ دھرنا نہیں دینگے ،یہ وقت کشمیریوں کیساتھ یکجہتی کرنے کا ہے ، مولانا نے اگر گرفتاری والاکام کیا تو انہیں گرفتار کر لینگے۔

وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کوئٹہ میں فرنٹیئر کور کے دورہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا حکومت اپوزیشن کو ٹف ٹائم نہیں دے رہی اور نہ ہی حکومت کو کوئی ٹف ٹائم دے سکتا ہے ، یہ سب معمول کی کاروائیاں ہیں ۔انہوں نے کہا کرائم کرنے والا پکڑا جائے تو کیا ٹف ٹائم دے گا ؟خورشید شاہ کی گرفتاری سے کچھ نہیں ہو گا ،روٹین کی لائف چلتی رہے گی ۔

اعجاز شاہ نے کہا اس وقت مولانا کو دھرنوں کی بجائے مسئلہ کشمیر پر آواز اٹھانی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن نے اگر گرفتاری والا کام کیا تو انہیں گرفتار کریں گے لیکن اگر وہ احتجاج کرنے آرہے ہیں تو احتجاج کریں کوئی گرفتار نہیں کرے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے ہیڈ کوارٹر فرنٹیئر کور بلوچستان کا دورہ کیا، وزیر داخلہ نے صوبے میں جرائم کی روک تھام کے لئے فرنٹیئر کور کی کاوشوں کو سراہا ، اعجاز شاہ نے یاد گار شہدا ءپر پھولوں کی چادر چڑھائی ، وزیر داخلہ کو فرنٹیئر کور بلوچستان کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی ، وزیر داخلہ کی جانب سے بم ڈسپوزل آلات قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کئے گئے ۔


ای پیپر