دھرنے میں شرکت کا فیصلہ بلاول صاحب کریں گے: آصف زرداری
19 ستمبر 2019 (15:58) 2019-09-19

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ سمیت جس کو گرفتار کرنا چاہتی ہے کرلے،حکومت سب کو گرفتار کرکے اپنا شوق پورا کر لے،میں تو جیل میں ہوں، مولانا فضل الرحمان کے دھرنے میں شرکت کا فیصلہ بلاول صاحب کریں گے ۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنسز کی سماعت کی تو نیب ٹیم نے گرفتار ملزم آصف زرداری کو پیش کیا۔ اس موقع پر آصف علی زرداری نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مراد علی شاہ سمیت جس کو گرفتار کرنا چاہتی ہے کر لے، حکومت سب کو گرفتار کرکے اپنا شوق پورا کر لے، ہمیں پروڈکشن آرڈرز کی بھی کوئی ضرورت نہیں۔

آصف زرداری نے کہا کہ میں تو جیل میں ہوں، دھرنے میں شرکت کا فیصلہ بلاول صاحب کریں گے۔ صحافی نے پوچھا کہ آپ آج کل پنڈی میں ہیں، پنڈی کا موسم کیسا ہے؟۔ آصف زرداری نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ آج کل بارشیں ہو رہی ہیں اور پنڈی کا موسم بدل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خورشید شاہ کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں۔


ای پیپر