فوٹوبشکریہ فیس بک

سانحہ ماڈل ٹاﺅن کیس، سابق ڈی آئی جی اور ڈی سی او لاہور کو گرفتار کرنے کا حکم
19 اکتوبر 2018 (16:17) 2018-10-19

لاہور: سانحہ ماڈل ٹاﺅن کیس میں سابق ڈی آئی جی رانا عبدالجبار اور سابق ڈی سی او لاہور کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان جو آج کل ڈی جی فوڈ کے عہدے پر فائز ہیں کو گرفتار کرنے کا حکم دیدیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سانحہ ماڈل ٹاون استغاثہ کیس کی لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں سماعت ہوئی اور اس موقع پر عدالت نے سابق ڈی آئی جی رانا عبدالجبار اور سابق ڈی سی او لاہور کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان کو گرفتار کرنے کا حکم دیتے ہوئے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔

عدالت نے حکم دیا کہ سی سی پی او لاہور دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کریں۔ عدالت کا کہنا تھا کہ دونوں ملزمان کو متعدد مرتبہ طلب کیا گیا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے۔ عدالت نے رانا عبدالجبار اور کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان کو استغاثہ میں آج طلب کر رکھا تھا۔

عدالت نے ملزم اے ایس وسیم اور اشرف کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

خیال رہے کہ 9 اکتوبر کو اسی کیس میں عدالت نے سابق آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا پر فرد جرم عائد کردی تھی۔


ای پیپر