Ahsan Iqbal, answer, corruption, Shahbaz Gill, Nawaz Sharif
کیپشن:   Photo by Twitter سورس:   
19 نومبر 2020 (14:28) 2020-11-19

اسلام آباد: رہنما پاکستان تحریک انصاف ڈاکٹر شہباز گل نے لیگی رہنما احسن اقبال کے بیان پر انہیں آڑے ہاتھوں لے لیا، انہوں نے احسن اقبال سے اُن کی کرپشن کا حساب مانگ لیا۔

اپنے پیغام میں ڈاکٹر شہباز گل نے احسن اقبال کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپکے جرائم کی تفصیل بہت طویل ہے ، سپورٹس سٹی کی کرپشن آپکا ایک چھوٹا سا کارنامہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ناقص منصوبے دینا ہمیشہ ن لیگ کا وطیرہ رہا۔

ن لیگ کے رہنما کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ سپورٹس سٹی کمپلیکس منصوبے کی تعمیر میں قومی خزانے کو اربوں کا نقصان پہنچایا گیا۔ احسن اقبال نے جعلی کوٹیشن کے ذریعے کروڑوں روپے کے ٹھیکے غیر قانونی طور پر من پسند ٹھیکیداروں کو دیئے۔

انہوں نے کہا کہ ملتان سکھرموٹروے پراجیکٹ میں قومی خزانے کو 137 ارب کا ٹیکا لگانے والے آپ ہیں، آپکا ہر پراجیکٹ کرپشن کی جیتی جاگتی تصویر ہے۔ ان پراجیکٹس میں عوام کی نہیں آپکی سہولت اور مال ملحوظ رکھا جاتا تھا۔ شہباز گل نے کہا کہ کرپشن سے لتھڑے اشخاص جب بھی بولتے ہیں صرف جھوٹ ہی بولتے ہیں۔

معاون خصوصی نے نواز شریف پر بات کرتے ہوئے کہا کہ میاں مفرور ملک واپس نہیں آرہے جبکہ کچھ صحافی اُن کو ریلیف دلوانے کے لیے عدالت پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نجم سیٹھی کا درخواست میں ہونا ہی ثبوت ہے یہ ریلیف کیلئے ہے۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ چند صحافی ایسے ہیں جنہیں دھوکے سے درخواست میں شامل کیا گیا، ہائیکورٹ جانے والے صحافیوں نے نواز شریف دور میں فائدے لیے، نجم سیٹھی کو تو نواز شریف نے مالی فوائد دیئے تھے۔

واضح رہے کہ عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو مفرور قرار دیا ہے جبکہ پیمرا کی جانب سے اُن کی تقریر کو نشر کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔


ای پیپر