حکومت کے دن گنے جاچکے:مولانا فضل الرحمن
19 نومبر 2019 (17:02) 2019-11-19

بنوں:جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم عمران خان کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آپ کے دن گنے جاچکے کیونکہ ہم اسلام آباد ویسے نہیں گئے اور ویسے نہیں آئے،پاکستان سے باطل اور نالائق حکومت کا خاتمہ ہوگا، حکمرانوں کے پاس مخالفین کو گالیاں دینے کے علاوہ کچھ نہیں، ان حکمرانوں کا کوئی نظریہ نہیں، یہ گالم گلوچ اور بازاری زبان کوسیاست سمجھتے ہیں۔

منگل کو بنوں میں دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ پاکستان سے باطل اور نالائق حکومت کا خاتمہ ہوگا، ہم پاکستان کی جمہوریت اور آئین کے تحفظ کے لیے نکلے ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کے پاس مخالفین کو گالیاں دینے کے علاوہ کچھ نہیں، ان حکمرانوں کا کوئی نظریہ نہیں، یہ گالم گلوچ اور بازاری زبان کوسیاست سمجھتے ہیں، ہمیں پتا ہے تم بازاری ہو اور یہی زبان تمہارے شیان شان ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم عمران خان کو چیلنج دیتے ہوئے کہاکہ آ میرے اور اپنے کردار کا مقابلہ کرو، اپنے والد میرے والد اور دادا کا مقابلہ کرو۔جے یو آئی(ف) کے سربراہ کا کہنا تھا کہ آپ کے دن گنے جاچکے، ہم اسلام آباد ویسے نہیں گئے اور ویسے نہیں آئے، آپ کی جڑیں کٹ گئیں اور چولیں ہل گئیں، اب دن گنتے جا، ہم اسلام آباد ویسے نہیں گئے ا ور ایسے واپس نہیں آئے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ کہتے تھے موٹروے پاکستان کو تباہ کرے گا، یہ ترقی کا راستہ نہیں، آج نوازشریف کے موٹروے کے افتتاح کے لیے گئے یا نہیں، سب کو چور کہنے والا آج کیا منہ دکھائے گا۔

مولانا فضل الرحمان نے الزام لگایا کہ عمران خان نے اپنی بہن کو ایمنسٹی اسکیم کے تحت این آر او دیا، سلائی میشن کی کمائی 70 ارب تک پہنچ گئی، ہمیں بھی ایسی سلائی مشین دے دو تاکہ ہم بھی 70 ارب بنالیں۔ان کا کہنا تھا کہ کہتے تھے پاکستان کے 200 ارب ڈالر باہر پڑے ہیں، اب کہتے ہیں کوئی پیسہ نہیں، چیئرمین ایف بی آر نے بھی بیان دیا کوئی پیسہ نہیں، آپ کو گالیاں کے سوا کچھ نہیں آتا، ان باتوں سے حکومتیں نہیں چلتیں، قوم کو دوبارہ الیکشن کی طرف جانا ہوگا۔


ای پیپر