Nai Baat Magazine Report
19 May 2021 (15:29) 2021-05-19

عیدالفطر اُمت مسلمہ کا ایک ایسا تہوار ہے جس کے لیے کیا بچے کیا خواتین کیا بوڑھے، اس کے شدت کے ساتھ منتظر رہتے ہیں، یہ ایک ایسی خوشی ہوتی ہے جس کا اظہار لفظوں میں ادا نہیں کیا جاسکتا۔ خواتین کے حوالے سے اگر بات کی جائے تو عید کی خوشیاں بناتے وقت ان کا کردار بڑا نمایاں ہو جاتا ہے۔ عید کے روز صبح سویرے اُٹھنا بچوں کو نہلا دھلا کر نئے کپڑے نئے جوتے نت نئی رنگ برنگی چوڑیاں اور پھر دن بھر کے پکوان ان کی ذمہ داریوں میں بڑے خوبصورت رنگ بھر دیتا ہے۔ پھر نماز عید کے بعد ایک دوسرے سے گلے ملنے کی روایت اور چہروں پر ہنسی، قہقہے اور دل کی مسرتوں کے ساتھ اظہار خیال کس قدر خوب لگتا ہے۔

ایک دور تھا جب عید کارڈ ہوا کرتے تھے اور عید سے ایک دو ماہ قبل عید کارڈ آجاتے تھے اور سب سے پہلے روایتی عیدمبارک کے پیغامات عیدکارڈ کے ذریعے ارسال کیے جاتے تھے۔ زمانہ بدلا، روایات بدلیں، عید کے رنگ اور اس کے انداز بھی بدل گئے اور عید کارڈ کی جگہ موبائل پر میسج نے لے لی اور جو عیدکارڈ کئی دن کی مسافت طے کر کے پہنچا کرتے تھے، اب ایک سیکنڈ میں آپ اپنے پیاروں کو عید کا پیغام جدید ڈیزائن شدہ عبارتوں میں دے ڈالتے ہیں۔

عید کے موقع پر خواتین میں مقابلے کا رپجحان بڑھ جاتا ہے۔ موسم گرما کے اعتبار سے دو دن کے لباس اب جدید ڈیزائنوں اور جدید رنگوں کے ساتھ بڑے بھلے بڑے خوبصورت اور بڑے اچھے لگتے ہیں۔ نت نئے انداز اپناتے ہوئے خواتین میچنگ کرتے وقت ایک دوسرے سے سبقت لے جانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور وہ رمضان المبارک کے پورے ماہ تیاریوں میں گزار دیتی ہیں، خاص کر چاند رات بھی عید کی طرح اب تہوار کے طور پر منایا جانے لگا ہے اور شام سے صبح تک بازاروں میں شاپنگ کا عمل جاری وساری رہتا ہے۔

عیدالفطر پر تحفے تحائف دینا بھی ایک خوبصورت روایت اور یادگار لمحات میں سے اہم اور خوبصورت انداز ہوتا ہے۔ خواتین، بچوں اور بچیوں میں ملی جلی کیفیت ہوتی ہے اور وہ ایک دوسرے سے سبقت لے جانے کے چکر میں کہ ان کا تحفہ سب سے اچھا ہو خریداری میں مصروف نظر آتے ہیں۔ خواتین عید کے موقع پر ہاتھوں میں مہندی لگوانے کی بڑی خواہشمند ہوتی ہیں اور جدید ڈیزائنوں میں مہندی لگوا کر ایک دوسرے کو دکھاتی ہیں، یہ بڑے پُرمسرت لمحات ہوتے ہیں۔ خواتین اور بچوں میں یہ ایسا تہوار ہوتا ہے کہ اس کی چھوٹی چھوٹی خوشیاں بھی بعض اوقات بہت بڑی خوشیاں دکھائی دیتی ہیں۔

قہقہوں کی برسات، مسکراہٹوں کے انداز، ہاتھوں میں ہاتھ، گلے میں بانہوں کی لڑیاں دکھائی دیتی ہیں جیسے خوبصورت پھول، خوبصورت کلیاں، خوبصورت فضا، یہ ہے عیدالفطر کے رنگ، خواتین کے سنگ سنگ۔

٭…٭…٭


ای پیپر