Photo Credit INP

قومی سلامتی کمیٹی کا ایک ہفتے میں دوسرا اہم اجلاس
19 مئی 2018 (22:38) 2018-05-19

اسلام آباد:وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ملک کی سلامتی وسرحدی سیکیورٹی صورتحال ،کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر جائزہ لیتے ہوئے بھارتی بلااشتعال فائرنگ کے واقعات کی سخت مذمت کی گئی ، اجلاس میں ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کےلئے گئے اقدامات اور اس کے خلاف حاصل کامیابیوں سے متعلق بریفنگ دی گئی اور دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن ردالفساد میں پیش رفت پر غور کیا گیا ، اس کے ساتھ ساتھ افغانستان سمیت خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔

ہفتہ کو یہاں وزیراعظم ہاﺅس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات ، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، وزیردفاع وخارجہ خرم دستگیر،وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال ، قومی سلامتی کے مشیر ناصر جنجوعہ ، حساس اداروں کے سربراہان اور دفتر خارجہ کے حکام نے شرکت کی ۔ اجلاس میں ملک کی سلامتی وسرحدی سیکیورٹی کی صورتحال ،کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ملک میں دہشت گردی کی صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی اور دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن ردالفساد میں پیش رفت پر غور کیا گیا ۔

اجلاس میں افغانستان سمیت خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ اجلاس میں بھارتی بلااشتعال فائرنگ کے واقعات کی سخت مذمت کی گئی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم ہاﺅس میں ہونے والے اجلاس میں ایل اوسی پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ اور معصوم شہریوں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملک کی داخلی و سرحدی سیکیورٹی صورتحال اور حالیہ دہشتگردی کے واقعات پرغور کیا گیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں سکیورٹی فورسز پرحملوں کی مذمت اور کرنل سہیل عابد و دیگر اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے فلسطین کے معاملے پر ہونے والے او آئی سی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت سے متعلق بھی کمیٹی کواعتمادمیں لیا۔اس کے علاوہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف)کے حوالے سے دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے سے متعلق اقدامات پر بھی شرکا کو بریفنگ دی گئی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں مالی ٹرانزیکشن کے فول پروف نظام کے بارے میں اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور کمیٹی کے ارکان نے وزیراعظم ہاﺅس میں ہی روزہ افطار کیا۔خیال رہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کا اس ہفتے میں بلایا جانے والا دوسرا اجلاس تھا ۔


ای پیپر