نواز شریف نے کوئی متنازعہ بیان نہیں دیا : مشاہد اللہ خان
19 مئی 2018 (14:25) 2018-05-19

اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر مشاہداللہ خان نے کہا ہے کہ نواز شریف نے کوئی متنازع بیان نہیں دیا بلکہ لوگوں نے رائی کا پہاڑ بنایا۔

ایک انٹرویو میں مشاہداللہ خان نے کہا کہ اگر اس وقت الیکشن کا وقت نہ چل رہا ہوتا تو لوگوں نے نواز شریف کے ممبئی حملے سے متعلق بیان کو اہمیت ہی نہیں دینی تھی ٗ مسلم لیگ (ن) کو دباؤ میں لانے کیلئے یہ صرف سیاسی ہتھکنڈے ہیں ۔بے شک شہباز شریف مسلم لیگ (ن) کے منتخب صدر ہیں تاہم ہماری پارٹی کے لیڈر اور تاحیات قائد صرف نواز شریف ہیں اور بیانیہ بھی صرف لیڈر کا ہی تسلیم کیا جاتا ہے اور نواز شریف کا بیانیہ ہی پارٹی کا بیانیہ ہے۔

مشاہداللہ خان نے کہاکہ عالمی لحاظ سے قرضوں میں پاکستان اس وقت 58 نمبر پر ہے یہاں تک کہ دنیا پر حکمرانی کرنے والے ملک بھی قرضے لیتے ہیں کیونکہ معیشت چلتی ہی قرضوں پر ہے اور ہم نے جو قرضے لیے ہیں وہ آپ کو ملک میں جگہ جگہ ترقیاتی کاموں کی صورت میں نظر بھی آرہے ہیں۔


ای پیپر