سبیکا شیخ کی میت چند روز میں امریکہ سے پاکستان روانہ کی جائیگی
19 مئی 2018 (13:24) 2018-05-19

ہوسٹن :ہوسٹن میں پاکستانی قونصل جنرل عائشہ فاروقی کا کہنا ہے کہ سبیکا شیخ کی موت انتہائی افسوس ناک ہے، سبیکا کے والدین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔


ایک بیان میں انہوں نے بتایا کہ سبیکا گزشتہ سال اگست میں امریکا آئی تھیں۔ سبیکا کے والدین کی خواہش ہے کہ میت جلد پاکستان پہنچائی جائے، پاکستانی قونصل خانہ، میڈیکل سینٹر اور انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ امید ہے کہ ایک سے دو روز میں کارروائی مکمل کرکے میت روانہ کردی جائے، تاخیر کی وجہ ہوسٹن سے پاکستان براہ راست فلائٹ نہ ہونا بھی ہے، تاہم میت کی براہ راست پاکستان روانگی کیلئے ایئرلائن سے بات کریں گے۔


ان کا کہنا تھا کہ میت پاکستان بھجوانے سے متعلق حکمت عملی بنا لی ہے، کل تک اہم پیش رفت سے آگاہ کریں گے، ہفتہ وار تعطیل کے بعد ایک سے دو روز لگیں گے، پیر کو میت پاکستان بھجوانے کا انتظام کرنے کی کوشش کریں گے۔یاد رہے کہ امریکہ میں زیر تعلیم پاکستانی سبیکا شیخ ٹیکساس فائرنگ واقعہ میں جاں بحق ہوئی تھیں۔


ای پیپر