نعیم رشیدکی فیملی آخری رسومات میں شرکت کیلئے نیوزی لینڈ روانہ
19 مارچ 2019 (13:33) 2019-03-19

اسلام آباد : نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مسجد میں فائرنگ کے واقعے میں ہلاک ہونے والے پاکستانی نعیم رشید کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے ان کی والدہ اور بھائی خورشید عالم سوموار کی رات لاہور سے نیوزی لینڈ کے لیے روانہ ہوں گے۔

نعیم رشید نے بھائی خورشید عالم نے سعودی ویب کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ آخری رسومات جمعتہ المبارک کو کرائسٹ چرچ میں ادا کی جائیں گی ہمیں میڈیا سے ہی معلوم ہواہے کہ حکومت نے نعیم رشید کے لیے تمغہ کا اعلان کیا ہے، لیکن حکومت کی طرف سے کسی نے ابھی تک ہمیں اس بارے میں آگاہ نہیں کیا ہے۔

خورشید عالم نے ویزہ کے حصول کیلئے حکومت پاکستان کی جانب سے فوری اقدامات کو سراہتے ہوئے کہاکہ ویزہ حاصل کرنے کے عمل میں دفتر خارجہ نے ہماری بہت مدد کی جس پر ہم شکرگزار ہیں۔ 

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مساجد میں حملہ آور کو روکنے کی کوشش کے دوران پاکستانی پروفیسر نعیم رشید ہلاک ہوگئے تھے۔ شادی کے بعد نعیم رشید نیوزی لینڈ چلے گئے اور پھر وہیں شعبہ تدریس سے وابستہ ہوگئے۔ ان کے سوگواران میں ان کی بیوہ اور تین بیٹے طلحہ، عبداللہ اور پانچ سال کے ایان شامل ہیں۔


ای پیپر