پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کے تمام ثبوت موجود ہیں : اکبر ایس بابر
19 مارچ 2018 (18:53) 2018-03-19


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے بانی رہنمااکبر ایس بابر نے کہا ہے کہ ہمارے پاس پی ٹی آئی میں فارن فنڈنگ کے تمام ثبوت موجود ہیں ،امریکہ ،کینیڈ ا ،مڈل ایسٹ اور یو اے ای سمیت کئی ممالک میں پی ٹی آئی غیر قانونی طور پر رجسٹرڈ ہے، ،عمران خان خود کہتے ہیں ان کی پارٹی کے سترہ ارکان اسمبلی بک گئے ،پرویز خٹک کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی بنانے کا لالی پاپ دیا گیا ہے ،عمران خان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہیں ۔


الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکبر ایس بابر نے کہا کہ ٓاج الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کی سکروٹنی کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوا ،الیکشن کمیشن نے تین رکنی کمیٹی قائم کی تھی ،آج پہلا باقاعدہ اجلاس نہ ہو سکا ،دو ممبران نے کمیٹی کا حصہ بننے سے معزرت کر لی ،نئی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ ستائیس مارچ کو ہو گا۔ہمارے پاس پی ٹی آئی میں فارن فنڈنگ کے تمام ثبوت موجود ہیں ،آج ہم نئے شواہد بھی ساتھ لائے ،امریکہ ،کینیڈ ا ،مڈل ایسٹ اور یو اے ای سمیت کئی ممالک میں پی ٹی آئی غیر قانونی طور پر رجسٹرڈ ہے ،آج یہ عندیہ ہمیں دیا گیا ہے کہ ستائیس تاریخ کے بعد روزانہ کی بنیاد پر ہیئرنگ ہو گی ۔


انہوں نے کہا کہ سوا تین سال بعد یہ معاملہ اب منطقی انجام کو پہنچنے جا رہا ہے ،عمران خان خود کہتے ہیں ان کی پارٹی کے سترہ ارکان اسمبلی بک گئے،پرویز خٹک کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی بنانے کا لالی پاپ دیا گیا ہے ،عمران خان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہیں ۔


ای پیپر