فالس فلیگ آپریشن کے جواب میں پاکستان نے انڈیا کو دوٹوک پیغام دیدیا
19 جون 2020 (19:20) 2020-06-19

اسلام آباد:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر آج بھی متنازعہ مسئلہ ہے، بھارتی مظالم کو بے نقاب کرتے رہیں گے، بھارت نے کشمیر میں عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی، بھارت پاکستان کیخلاف کوئی جھوٹا فلیگ آپریشن کرسکتا ہے۔اگر بھارت نے پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھا تو پاکستان اس کا منہ توڑ جواب دے گا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا قومی مفاد کو مد نظر رکھ کر فیصلے کیے جاتے ہیں، سلامتی کونسل کے الیکشن میں ایشیا پیسیفک گروپ کی مشاورت ہوتی ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کرتے رہیں گے، 5 اگست کے بعد بھارت نے کشمیر میں عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی، پاکستان کی سالمیت پر ہم سب متحد ہیں، پاکستان کی خود مختاری اور سالمیت کا ہر قیمت پر تحفظ کرینگے۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا 50 سال کے بعد بھارت اور چین میں سرحد پر جھڑپیں ہوئیں، بھارت کے نیپال، بھوٹان اور سری لنکا سے بھی تنازعات ہیں بھارت سفارتی محاذ پر تنہا ہوگیاہے اور کوروناوائرس کے تناظر میں دیوالیہ ہونے کے قریب ہے۔

انہوں نے کہا بھارت نے موجودہ حالات میں پاکستان کیخلاف جھوٹے الزامات لگاکر کارروائی کی،انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھا تو پاکستان اس کا فوری اور منہ توڑ جواب دے گا۔شاہ محمود قریشی نے اس تاثر کو مسترد کردیا کہ پاکستان نے بھارت کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کاغیر مستقل رکن بننے کیلئے کھلا راستہ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیچھے نہیں ہٹا بلکہ اس نے گزشتہ سال پانچ اگست کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے غیرآئینی اقدامات پر اس کی غیر مستقل رکنیت کیخلاف ووٹ دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر بھارت کے مذموم عزائم کو بے نقاب کرنے کیلئے پرعزم ہیں،وزیر خارجہ نے کہا کہ خفیہ بیلٹ ہوتا ہے، ہم نے ووٹ ڈالنے سے اجتناب نہیں کیا تاہم اگر بھارت کے دوست ہیں تو ہمارے بھی دوست ہیں، اگر وہ اپنے مفاد کو آگے بڑھانے کی کوشش کریں گے تو ہمارے دوست بلاک کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ ہم نے بھارت کے خلاف ووٹ استعمال کیا کیونکہ بھارت نے اقوام متحدہ کیچارٹرڈ کی خلاف ورزی کی تھی۔بھارت اور چین کے سرحدی تنازع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت کا پانچ اگست کا فیصلہ چین مسترد کر چکا ہے جس کے باعث خطے میں ڈرامائی تبدیلی ہے، جھگڑا خونی شکل اختیار کر گیا ہے، آج لداخ میں کیا ہو رہا ہے؟ بھارت کے فوجیوں کی لاشیں اٹھ رہی ہیں۔۔


ای پیپر