file photo

وزیراعظم کے 15 معاونین خصوصی میں سے 7 دوہری شہریت کے حامل نکلے
19 جولائی 2020 (12:11) 2020-07-19

اسلام آباد: کابینہ ڈویژن نے وزیراعظم کے مشیروں اور معاونین خصوصی کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کر دیں، 15 معاونین خصوصی میں سے 7 دوہری شہریت کے حامل نکلے، شہباز گل اور معید یوسف امریکن گرین کارڈ ہولڈر، ندیم بابر اور شہزاد سید قاسم امریکی شہریت، ندیم افضل چن کینیڈین شہری، تانیہ ایدروس کینیڈا اور سنگا پور جبکہ زلفی بخاری برطانوی شہریت رکھتے ہیں۔ مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی دہری شہریت نہیں ہے۔

کابینہ ڈویژن نے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر معاونین خصوصی اور مشیران کے اثاثوں کی تفصیلات ویب سائٹ پر جاری کردی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی پٹرولیم ندیم بابر کے اثاثوں کی مالیت 2 ارب 75 کروڑ 28 لاکھ روپے، معاون خصوصی شہزاد اکبر کے اثاثوں کی مالیت 7 کروڑ 23 لاکھ روپے سے زائد، معاون خصوصی عاصم سلیم باجوہ کے اثاثوں کی مالیت 16 کروڑ 10 لاکھ روپے، عثمان ڈار 6 کروڑ روپے کے مالک ہیں۔

اسی طرح معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل 11 کروڑ 85 لاکھ روپے کے مالک، ملک امین اسلم نے اہلیہ کے نام 50 لاکھ کی سرمایہ کاری شئیرز کی مد میں کر رکھی ہے۔ معاون خصوصی ندیم افضل چن کے اثاثوں کی مالیت 3 کروڑ 80 لاکھ سے زائد ہے۔

معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز زلفی بخاری پاکستان میں 1300 کنال اسلام آباد میں 34 کنال کے پلاٹس، لندن میں 48 لاکھ 50 ہزار پاﺅنڈ کی جائیداد اور 5 کمپنیوں کے شئیرز کے بھی مالک ہیں جبکہ ان کی اہلیہ کے پاس 5 لاکھ پاﺅنڈ کا سونا موجود ہے۔ زلفی بخاری کی اہلیہ کے پاکستان میں 24 لاکھ روپے جبکہ بیرون ملک بینکوں میں 17 لاکھ پاﺅنڈ موجود ہیں۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے احساس پروگرام ثانیہ نشتر 5 لاکھ مالیت کے سونے اور ایک گاڑی کی مالک ہیں۔ مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ دوہری شہریت نہیں رکھتے جبکہ ان کے اثاثوں کی مالیت 30 کروڑ روپے ہے۔ شہزاد ارباب 10 کروڑ روپے کے اثاثوں کے مالک جبکہ 57 لاکھ روپے بینک اکاﺅنٹ میں موجود ہیں ۔ شہزاد سید قاسم کے پاس لاہور میں 60 لاکھ مالیت کے 3 پلاٹس ، گوادر میں 35 لاکھ روپے کے پلاٹس، امریکہ اور یو اے ای میں تین تین جائیدادیں موجود ہیں۔

شہزاد قاسم کے پاس مختلف بینکوں میں ساڑھے 4 کروڑ روپے کا بیلنس موجود ہے۔ اسلام آباد سے رکن قومی اسمبلی علی نواز اعوان کی اسلام آباد میں 3 کروڑ 71 لاکھ کی جائیدادیں، ایک کروڑ 31 لاکھ کی غیرمنقولہ جائیداد اور 75 تولے سونا موجود ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے تمام معاونین خصوصی اور مشیران کو اپنے اور اہل خانہ کے اثاثے ظاہر کرنے کی ہدایت جاری کی تھی اور تاریخ میں پہلی بار معاونین خصوصی اور مشیران کے اثاثوں کی تفصیلات کو کابینی ڈویژن کی ویب سائٹ پر جاری کی گئی ہیں۔


ای پیپر