بات چیت کے لئے متعدد بار رابطہ کیا گیا : مریم نواز شریف
19 جولائی 2019 (19:54) 2019-07-19

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن)کی سینیئر نائب صدر مریم نوازنے کہا ہے کہ بات چیت کیلئے متعدد بار رابطہ کیا گیا لیکن ہم تیار نہیں ہوئے، بات چیت کے لیے اصولوں کی قربانی دینی پڑتی ہے جس کے لیے ہم تیار نہیں پوری مسلم لیگ (ن)کو بھی گرفتار کرلولیکن ملک تم پھر بھی نہیں چلاسکتے،حکومت کو اپنی نااہلی اورناکامی کا جواب عوام کو دینا ہی پڑے گا، مسلم لیگ ن کے جتنے قائدین کو گرفتار کرنا ہے کرلیں، ڈرنے والے نہیں۔

احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ بات چیت کے لیے اصولوں کی قربانی دینی پڑتی ہے جس کے لیے تیار نہیں۔ہم سے بات چیت کے لیے متعدد بار رابطہ کیا گیا لیکن نواز شریف اور میں تیار نہیں ہوئے، میں اور میاں صاحب بات چیت کے لوازمات پورے نہیں کر سکتے۔

مریم نواز نے کہا کہ ڈیل دینے کی باتیں کرنے والے کو خود ڈیل کی ضرورت پڑ گئی ہے۔میں تو موجودہ حکومت کو 5 سال دینے کے لیے تیار ہوں لیکن عوام انہیں مدت مکمل نہیں کرنے دیں گے کیونکہ حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔راولپنڈی سے ہمارے 150 کارکنان کو حراست میں لیا گیا ہے، مسلم لیگ ن کے جتنے قائدین کو گرفتار کرنا ہے کر لیں لیکن ہم ڈرنے والے نہیں ہیں۔اب کسی کی جرات نہیں کہ آمریت کی طرف دیکھے، آمر ناکام ہو چکا، آج وہ بیمار ہیں، اللہ انہیں صحت دے۔


ای پیپر