Source : Yahoo

ملک میں تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت کو خطرہ ہے: سربراہ نیکٹا
19 جولائی 2018 (18:50) 2018-07-19

اسلام آباد:نیشنل کانٹر ٹیررازم اتھارٹی( نیکٹا ) کے سربراہ ڈاکٹر سلیمان نے انکشاف کیا ہے کہ ملک میں تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت کو خطرہ ہے اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ تھریٹ الرٹ ہیں۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے خصوصی اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے نیشنل کانٹر ٹیررازم اتھارٹی ( نیکٹا )کے سربراہ ڈاکٹر سلیمان نے بتایا کہ ملک میں تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت کو خطرہ ہے اور اب تک 65 تھریٹ الرٹ آئے ہیں.

کالعدم تحریک طالبان کی طرف سے سب سے زیادہ تھریٹ الرٹ ہیں، کالعدم جماعت الاحرار اور داعش سے بھی خطرات آئے ہیں جب کہ میرے پاس ایم کیوایم لندن کی طرف سے ایک تھریٹ الرٹ ریکارڈ پرہے۔ڈاکٹر سلیمان نے مزید بتایا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے لیے زیادہ تھریٹ موصول ہوئے ہیں، انٹیلی جنس ایجنسیوں کو کومبنگ آپریشنز لانچ کرنے چاہئیں جب کہ اضلاع اور تھانوں کی سطح پر کو آرڈینیشن کمیٹیاں قائم کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ نیکٹا انٹیلی جنس اداروں کی رپورٹس کو صوبوں سے شیئر کرتا ہے، جن سیاسی قائدین کی زندگیوں کو خطرہ ہے ان کی فہرست کمیٹی کودی جائے گی۔ نیکٹا سربراہ کا کہنا تھا کہ الیکشن عمل کےخلاف کچھ عسکریت پسند گروپ متحرک رہتے ہیں، یہ گروپ مخصوص پارٹیوں کو نشانہ بناتے ہیں۔


ای پیپر