عمران خان کی زندگی پر بننے والی فلم کی کئی سالوں بعد پروڈکشن دوبارہ شروع
19 جولائی 2018 (17:49) 2018-07-19

اسلام آباد :پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زندگی پر بننے والی فلم کی شوٹنگ کا آغاز ہوگیا۔ فلم ’’کپتان‘‘ کی تیاری کئی برسوں سے جاری تھی مگر درمیان میں رک گئی، تاہم اب اس کی پروڈکشن شروع ہونے کی تصدیق کی گئی ہے، جس میں اداکار عبدالمنان عمران خان جبکہ سعیدہ امتیاز جمائما خان کا کردار ادا کریں گی۔

تفصیلات کے مطابق یہ فلم کافی عرصے سے پائپ لائن میں تھی اور اچھے ڈائریکٹر اور عملے کی منتظر تھی، اب اس فلم کی ہدایات فیصل امان خان دیں گے۔ عمران خان کے کردار پر بات کرتے ہوئے اداکار عبدالمنان نے بتایا کہ عمران خان کی شخصیت کی عکاسی آغاز میں میرے لیے آسان نہیں تھی، مگر بتدریج میں کردار میں ڈھل گیا اور یہ ایک زبردست تجربہ ثابت ہوا۔اس کردار کے لیے عبدالمنان نے پی ٹی آئی سربراہ سے بھی ملاقات کی ہم 3 بار عمران خان سے ملیں، ایک بار ان کی بنی گالہ کی رہائش گاہ میں باضابطہ ملاقات ہوئی، جہاں ہامرا وقت اچھا گزرا۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک مشکل کردار تھا مگر میں نے اس کے لیے اپنی ہر ممکن بہترین صلاحیت سے کام لیا۔

سعیدہ امتیاز کا کہنا تھا کہ اگرچہ وہ جاوید شیخ کی فلم ’’وجود‘‘ میں جلوہ گر ہوچکی ہیں، مگر’’کپتان‘‘ ان کی پہلی فلم ہے۔یہ فلم عمران خان کی سیاسی تاریخ کو پیش نہیں کرے گی بلکہ ان کی ذاتی زندگی پر توجہ دی جائے گی۔ فلم کی شوٹنگ پاکستان کے مختلف مقامات پر کی گئی بشمول شمالی علاقہ جات اور بلوچستان کی کچھ لوکیشنز۔اس فلم کی ریلیز کی تاریخ کی ابھی تصدیق نہیں کی گئی مگر سعیدہ امتیاز نے پیش گوئی کی کہ یہ فلم انتخابات کے بعد رواں سال ہی ریلیز کی جائے گی۔


ای پیپر