پاکستان کرکٹ بورڈ کا کرکٹرز کو کورونا ویکسین لگوانے کا فیصلہ، کب لگائی جائے گی؟
سورس:   فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر
19 فروری 2021 (21:43) 2021-02-19

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے کرکٹرز کو کورونا ویکسین لگوانے کا فیصلہ کر لیا ہے اور حوالے سے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) سے بات چیت مکمل کر لی گئی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن  سینٹر (این سی او سی) سے بات ہو گئی ہے اور اگلے ماہ کرکٹرز کو کوویڈ 19 ویکسین لگوائیں گے، موجودہ حالات میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کرانا بہت بڑا کارنامہ ہے جبکہ 20 فیصد تماشائیوں کی اجازت این سی او سی نے دی ہے، تعداد چاہے کم ہے لیکن اس کا کھلاڑیوں کو فائدہ ہوگا۔

احسان مانی کا کہنا تھا کہ پاکستان واحد بورڈ ہے جس نے کوویڈ 19 کے دوران  ڈومیسٹک کرکٹ سیزن مکمل کیا، انگلینڈ کا دورہ کیا، زمبابوے کی میزبانی کی پھر نیوزی لینڈ کا دورہ کیا اور 14 برس بعد جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کی میزبانی کی، یہ سب بہت مشکل تھا لیکن  ہم نے کرکٹ کو سپورٹ کرنے کیلئے یہ سب کچھ کیا۔ 

احسان مانی نے کہا کہ دیگر ممالک نے اپنی سیریز ملتوی کیں، آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کی سیریز ملتوی کی  جبکہ بھارت میں مالی فوائد کی وجہ سے سب جا رہے ہیں،  میں سمجھتا ہوں کہ بگ تھری ختم ہو گئی لیکن اس کا مائنڈ سیٹ تبدیل نہیں ہوا، ان کا کہنا تھاکہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)  کو اپنی سوچ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، بھارت غلبہ حاصل کرنے کی کوشش کرتا ہے لیکن ہم پر نہیں کر سکتا کیونکہ پاکستان کی کرکٹ بھارت کے بغیر چلی ہے اور چلے گی۔


ای پیپر