پنجاب آرٹس کونسل نے 30 پنجابی گانوں پر پابندی عائد کر دی
سورس:   فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر
19 فروری 2021 (20:52) 2021-02-19

لاہور: پنجاب آرٹس کونسل نے 30  پنجابی گانوں کی فہرست جاری کر دی جو تھیٹر ڈراموں میں نمائش پذیر نہیں ہوں گے اور کوئی بھی اداکار ، اداکارہ یا خواجہ سراء ان گانوں پر پرفارم نہیں کر سکے گا.

تفصیلات کے مطابق پنجاب آرٹس کونسل نے 30 پنجابی گانوں کی فہرست جاری کی ہے جن کی تھیٹر ڈراموں میں پرفارمنس پر پابندی لگا دی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق یہ تمام30 گانوں سے عریانی اور فحاشی پھیلتی تھی اور اس حوالے سے متعدد شکایات بھی موصول ہوئیں جس کے باعث ان گانوں پر مکمل پابندی عائد کرنے کافیصلہ کیا گیا اور اب کوئی بھی اداکار ، اداکارہ یا خواجہ سراء پرفارم نہیں کرے گا اور نہ ہی سنسر ٹیم ان گانوں کو سنسر کرے گی۔ 

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ بے ہودہ حرکات اور فقرے   کسنے پر سٹیج فنکاروں کے خلاف بھی گھیرا تنگ کیا جا چکا ہے اور محکمہ داخلہ پنجاب نے پانچ سٹیج فنکاروں پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا تھا، ڈی سی لاہور نےسٹیج اداکارہ ایمن ملک، نرالا چن، علی گلریز، سلیم بلا اور نگینہ بھٹی پر پابندی لگانے کی تجاویز پر مشتمل مراسلہ محکمہ داخلہ کو بھیج دیا ہے۔ 

واضح رہے کہ ماضی قریب میں سٹیج ڈرامہ انڈسٹری شہریوں کی تفریح کا ایک ذریعہ  تھا جہاں تفریح سے بھرپور مگر بامقصد سٹیج ڈرامے پیش کئے جاتے تھے اور انہیں دیکھنے کیلئے لوگ فیملی کے ساتھ آتے تھے، مگر بدقسمتی سے فحش جگت بازی، ذومعنی جملے، بے ہودہ ڈانس نے اسے مثبت اور تخلیقی سرگرمی نہیں رہنے دیا اور موجودہ سٹیج ڈرامے ہماری نوجوان نسل میں فحاشی کو فروغ دینے میں پیش پیش ہیں، ان کی وجہ سے ہماری نوجوان نسل بربادی اور تباہی کی جانب بڑھ رہی ہے۔


ای پیپر