پاکستانی نوجوان کی پی ایس ایل میچز کے دوران سٹیڈیم کو ڈرون سے سینیٹائز کرنے کی پیشکش
سورس:   فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر
19 فروری 2021 (18:53) 2021-02-19

کراچی: نیشنل انکوبیشن سینٹر کراچی سے وابستہ نوجوان انجینئر نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) مقابلوں کے دوران سٹیڈیم کو ڈرون کے ذریعے سینٹائز کرنے کی پیشکش کر دی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق ﷻپاکستان میں سول مقاصد کیلئے ڈرون ٹیکنالوجی کو عام کرنے والے باصلاحیت نوجوان سید عظمت نےپاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)  کراچی کی انتظامیہ اور سندھ حکومت کو پیشکش کی ہے کہ میں پاکستان میں تیار کردہ ہیوی لوڈ اٹھانے والے ڈرونز کے ذریعے پی ایس ایل کے میچز کے دوران کرکٹ سٹیڈیمز کو سینیٹائز کر سکتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون سے سٹیڈیم کو سینیٹائز کرنے کی صورت میں پاکستان یہ ٹیکنالوجی کھیلوں کیلئے موثر انداز میں استعمال کرنے والا ناصرف پہلا ملک بن جائے گا بلکہ ساتھ ہی دنیا کے سامنے ڈرون ٹیکنالوجی میں پاکستان کی مہارت بھی اجاگر کی جاسکے گی۔

 سید عظمت کا کہنا تھا کہ ڈرون کی مدد سے کرکٹ سٹیڈیم کے چپے  چپے کو انتہائی درستگی کے ساتھ سینٹائز کیا جاسکتا ہے اور اس تکنیک کا عملی  مظاہرہ جمعرات کو این ای ڈی یونیورسٹی میں واقع این آئی سی سے ملحقہ گراؤنڈ کو سینیٹائز کرکے بھی کیا جاچکا ہے، نیشنل سٹیڈیم کو جدید ڈرون سے سینیٹائز کرنے میں ایک گھنٹہ لگے گا اور آپریشنل لاگت بھی روایتی طریقے کے مقابلے میں نہ ہونے کے برابر ہوگی۔

سید عظمت نے کہا کہ پی ایس ایل ایک موثر پلیٹ فارم ہے جس کے ذریعے دنیا میں پاکستان کی ٹیکنالوجی پر دسترس اور نوجوانوں کا ٹیلنٹ بھی موثر طریقے سے اجاگر کیا جاسکتا ہے، میدان میں ڈرون کے ذریعے ٹرافی لانے کا تجربہ بھی آج تک کسی ملک میں نہیں کیا گیا۔ ایک سوال پر انہوں نے بتایا کہ ڈرون کے ذریعے فٹ بال کے میچ کیلئے کھیل کے میدان کو صرف ایک مرتبہ برطانیہ میں گزشتہ سال سینیٹائز کیا گیا۔

سید عظمت کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ پی ایس ایل سپانسر کرنے والی کمپنیاں بھی شائقین تک انعامات پہنچانے کیلئے ڈرون استعمال کرسکتی ہیں، ان تمام طریقوں سے پی ایس ایل کے میچز میں انسانی مداخلت کو کم سے کم رکھنے میں مدد ملے گی اور پاکستان کورونا کے خلاف جدوجہد میں ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے والے سرفہرست ملک کا درجہ حاصل کرلے گا۔


ای پیپر