Asif Zardari, Fazal-ur-Rehman, Senate elections, long march, Yousaf Raza Gillani, PDM
19 فروری 2021 (14:09) 2021-02-19

اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری کا مولانا فضل الرحمان کو ٹیلی فون ، دونوں رہنماؤں نے سیاسی صورت حال ، سینیٹ الیکشن اور لانگ مارچ کے بارے تبادلہ خیال کیا ۔

تفصیلات کے مطابق دونوں راہنماؤں کی خیبر پختونخواہ اور دیگر صوبوں سے سینٹ امیدواروں پر مشاورت کی گئی ، لانگ مارچ کے طریقہ کار اور حکمت عملی پر بھی بات چیت کی گئی۔ اس کے علاوہ یوسف رضا گیلانی کی انتخابی مہم کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی۔

واضح رہے کہ سینیٹ انتخابات کے لیے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی پی ڈی ایم کے مشترکہ امیداوار ہیں اور الیکشن کمیشن میں اُن کے کاغذات نامزدگی بھی منظور ہو چکے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کو شفاف بنانے کے لئے بیان حلفی لینے کا فیصلہ کیا تھا اور اس بیان حلفی میں امیدوار ٹکٹ پر پیسے نہ لینے کی یقین دہانی کرائے گا۔

الیکشن کمیشن نے کہا امیدوار نے اگر پارٹی ٹکٹ سے متعلق رقم دی ہے تو الیکشن کمیشن کو آگاہ کرے گا اور امیدوار ووٹ کی خرید و فروخت کے لیے کسی بھی طرح پیسے کا استعمال نہ کرنے کی تحریری یقین دہانی کرائے گا۔ امیدوار انتخاب میں کرپٹ پریکٹس ، آئین اور قانون کی خلاف ورزی نہ کرنے کا بیان حلفی جمع کرائے گا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق امیدوار الیکشن کمیشن کو تحریری طور پر ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائے گا۔ بیان حلفی پر امیدوار کے دستخط ، انگوٹھے کے نشان اور شناختی کارڈ نمبر درج ہو گا جبکہ امیدوار اوتھ کمشنر سے تصدیق شدہ بیان حلفی جمع کرائے گا۔


ای پیپر