خوشی اس بات کی ہے کہ بھارت نے ہمارا بھی ریکارڈ توڑ دیا: شعیب اختر
19 دسمبر 2020 (16:03) 2020-12-19

لاہور: راولپنڈی ایکسپرس شعیب اختر نے آسٹرلیا کے ہاتھوں بھارت کی تاریخی شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ خوشی اس بات کی ہے کہ بھارت نے ہمارا بھی ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کرکٹر شعیب اختر نے کہا کہ آسٹریلیا نے بھارت کی بہترین بیٹنگ لائن کی دھجیاں اُڑا دیں ، یہ ایک ذلت آمیز شکست تھی۔

واضح رہے کہ بھارتی ٹیم صدی کے کمترین اسکور پر آؤٹ ہوئی ، آسٹریلیا کے خلاف بھارت کی پوری ٹیم صرف 36 رنز پر ڈھیر ہوگئی، یہ بھارت کا اپنی تاریخ کا بھی کم سے کم اسکور ہے۔

ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں کینگروز کی تباہ کن بولنگ نے مہمان بیٹنگ لائن کو تہس نہس کر دیا ، ہیزل ووڈ اور کمنز نے مل ملا کر بھارتی ٹیم کا صفایا کر دیا ، صرف 36 رنز پر کوہلی الیون کا جلوس نکل گیا۔ ہیزل ووڈ نے پانچ اور کمنز نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ آسٹریلیا نے 90 رنز کا ہدف دو وکٹوں پر حاصل کیا۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا کے ہاتھوں بھارت کی عبرتناک شکست پر بھارتی میڈیا میں کافی شور مچایا جا رہا ہے۔ بھارتی میڈیا میں کھلاڑیوں کی بری کارکردگی پر انہیں خوب آڑے ہاتھوں لیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر بھی کوہلی الیون کو خوب لعن طعن کیا جا رہا ہے۔

انتہا پسند ہندوؤں کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم نے جیتا ہوا میچ آسٹریلیا کو پلیٹ میں رکھ کر دیدیا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ تمام کھلاڑی ایسے کھیلی جیسے انہیں کھیلنا ہی نہیں آتا تھا۔


ای پیپر