Joe Biden, Ali Zaidi, Pakistani descent, environmental team
19 دسمبر 2020 (11:18) 2020-12-19

نیو یارک: امریکا کے نومنتخب صدر جوبائیڈن نے اپنی ماحولیاتی ٹیم میں پاکستانی نژاد نوجوان علی زیدی کو شامل کر لیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق 33 سالہ علی زیدی وائٹ ہاؤس کے ڈپٹی کلائمٹ کو آرڈینیٹر کے فرائض سرانجام دیں گے۔ اس حوالے سے علی زیدی نے اپنی ایک ٹویٹ میں موسمیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے حکومتی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

علی زیدی کا مزید کہنا تھا کہ جب جوبائیڈن نے انہیں فون کیا تو وہ حیران تھے اور اب بھی حیران ہیں اور یہ ان کے لیے اعزاز ہے۔

یاد رہے کہ صدر کا حلف اٹھانے سے پہلے نومنتخب صدر جوبائیڈن اپنی کابینہ ، حکومتی ترجمانوں اور کو آرڈینیٹروں کی ٹیم پوری کر رہے ہیں جو حکومت چلانے میں اُن کی مدد کر سکیں۔ اس حوالے سے وہ ماہر اور قابل اعتماد افراد کا انتخاب کر رہے ہیں۔ جس میں مختلف مکتبہ فکر کے لوگ شامل ہیں۔

 واضح رہے کہ جوبائیڈن ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ بحال کرنے کے حق میں ہیں اس لیے جوہری معاہدے میں شامل عالمی طاقتوں نے تہران سے معاہدے کی خلاف ورزی نہ کرنے اور اس کی شرائط پر مکمل عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔

اس حوالے سے جرمن عہدیدار کا کہنا ہے کہ یہ مطالبہ ویانا میں کی جانے والے ورچوئل اجلاس کے دوران کیا گیا ہے۔ اس ملاقات میں اس معاہدے پر دستخط کرنے والے ممالک جرمنی ، فرانس ، برطانیہ ، چین اور روس شامل تھے جو سال 2018 میں امریکی یک طرفہ انخلا کے بعد سے اس معاہدے کو مکمل طور پر غیر فعال ہونے سے بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تینوں یورپی طاقتوں نے امید ظاہر کی ہے کہ واشنگٹن میں انتظامیہ کی تبدیلی کے ساتھ امریکہ اس معاہدے میں واپس شامل ہو سکتا ہے۔


ای پیپر