Second wave, pandemic, number, deaths, Pakistan, Asad Umar
19 دسمبر 2020 (08:39) 2020-12-19

لاہور: عالمی وبا کی دوسری لہر کے باعث ایک ہی دن میں مزید 87 افراد جان گنوا بیٹھے، جان بحق افراد کی تعداد 9 ہزار 250 ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق 24 گھنٹوں میں عالمی وبا کے 3 ہزار 179 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں عالمی وبا کے مثبت کیسز کی تعداد 4 لاکھ 54 ہزار 673 ہو گئی ہے۔

خیال رہے کہ خیبر پختونخوا میں عالمی وبا نے ایک اور ڈاکٹر کی جان لے لی ہے، ڈاکٹر مظفر سید ، سیدو ٹیچنگ ہسپتال کے آئی سی یو میں زیر علاج تھے۔ ڈاکٹر مظفر سید سول ہسپتال بری کوٹ میں میڈیکل آفیسر تعینات تھے۔

دوسری جانب این سی او سی کے سربراہ وفاقی وزیر اسد عمر بھی عالمی وبا کا شکار ہو گئے ہیں، وفاقی وزیر نے خود کو گھر میں آئسولیٹ کر لیا ہے۔

دوسری جانب عالمی سے دنیا بھر میں 7 کروڑ 60 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہو چکے جبکہ 16 لاکھ 81 ہزار سے زیادہ مریض وبا کے خلاف زندگی کی جنگ ہار چکے ہیں۔

امریکا میں 2 لاکھ 54 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آگئے ہیں۔ ادھر سلوواکیا کے وزیراعظم کا عالمی وبا کا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا۔

سوئٹزرلینڈ کی حکومت نے منگل سے ایک ماہ کے لیے تمام ریسٹورنٹس ، اسپورٹس اور تفریحی مراکز بند کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔

عالمی وبا کی تباہ کاریوں کو کم کرنے کے لیے امریکا، برطانیہ اور دوسرے ملکوں میں ویکسین کا استعمال شروع کر دیا گیا ہے۔ امید ہے پاکستان میں بھی جلد عالمی وبا کی ویکسین کا استعال شروع کر دیا جائے گا۔ اس سلسلے میں حکومت کی کئی ملکوں سے بات جاری ہے۔


ای پیپر