فوٹو بشکریہ فیس بک

ن لیگ نے بسنت کیخلاف اسمبلی میں قرار داد پیش کردی
19 دسمبر 2018 (13:05) 2018-12-19

لاہور: پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن جماعت مسلم لیگ ن بسنت منانے کے حکومتی فیصلے کیخلاف بھرپور طریقے سے میدان میں آگئی اور عدالتی فیصلے کیخلاف اسمبلی میں قرار داد جمع کروا دی۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ( ن ) کی رکن صوبائی اسمبلی حنا پرویز بٹ نے بسنت پر عائد پابندی ختم کرنے کے حکومتی فیصلے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرار داد جمع کرائی۔ قرار داد میں موقف اختیار کیا گیا کہ پنجاب حکومت نے بسنت منانے کا غیر دانشمندانہ فیصلہ کیا ہے۔ سپریم کورٹ آف پاکستان نے 2005 میں بسنت پر مکمل پابندی عائد کی تھی، جبکہ پنجاب حکومت نے 2009 میں بسنت کیخلاف باقاعدہ قانون پاس کیا تھا۔

قرار داد میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان ترقی یافتہ ممالک میں 150 ویں نمبر پر ہے، حکومت بسنت منانے کی بجائے ملک کی معاشی صورتحال پر توجہ دے۔ حکومت نے اپنے طور پر بسنت منانے کا فیصلہ کر کے توہین عدالت کی ہے۔ پتنگ بازی کی وجہ سے اب تک ہزاروں جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ بسنت اب کھیل نہیں بلکہ انسانی زندگیوں کے خاتمے کا باعث بن چکی ہے، لہٰذا یہ ایوان پُر زور مطالبہ کرتا ہے کہ بسنت پر پابندی برقرار رکھی جائے۔


ای پیپر