کشمیر ایشو کو لے کر پاکستان نے پھر اہم مطالبہ کر دیا 
19 اگست 2020 (18:13) 2020-08-19

اسلام آباد :پاکستان نےعالمی تنظیموں پرزوردیا ہے کہ بھارت کے غیرقانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی صورتحال میں بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں۔

آج انسانیت کے عالمی دن کے موقع پرجاری کیے گئےایک بیان میں دفترخارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ عالمی برادری کوایک سال سے جاری خوفناک فوجی محاصرے کو ختم کرانے اور کشمیری عوام کی ضروریات پوری کرنے کےلیے اپنا کردارادا کرنا چاہیے،ترجمان نے کہا کہ ہم انسانی بنیادوں پر ہنگامی صورتحال کی بہتری کےلیے تزویراتی سوچ اپنانے کی ضرورت، تنازعات سے بچنے اوردیرینہ تنازعات کے پرامن حل کا اعادہ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم انسانی زندگیاں بچانے میں انسانی حقوق کے کارکنوں کی جانب سے دی جانے والی قربانیوں،مدد فراہم کرنے اورتنازعات اورہنگامی وناگہانی صورتحال سے متاثرہ لوگوں کومحفوظ رکھنے کوخراج عقیدت پیش کرتے ہیں،انہوں نے کہا کہ ہم اصولوں پرکاربند رہنے اورپناہ گزینوں کی میزبانی کرنےوالے ملکوں میں پائیدار انسانی ردعمل کی حمایت میں اپنی ذمے داریاں نبھانے پرعالمی برادری کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اوراس کےعوام نے گزشتہ چاردھائیوں سے زائد عرصے سے 30 لاکھ سے زائد افغانوں کی میزبانی کرتے ہوئے مثالی فراغ دلی، جذبہ اورمیزبانی کا مظاہرہ کیا ہے۔


ای پیپر