فوٹوبشکریہ فیس بک

پورے پنجاب میں گڈ گورننس کا اصول بنائیں گے، اداروں کو مضبوط کریں گے: عثمان بزدار
19 اگست 2018 (15:13) 2018-08-19

لاہور: نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پورے پنجاب میں گڈ گورننس کا اصول بنائیں گے اور اداروں کو مضبوط کریں گے۔

نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ میں اپنے قائد عمران خان کا دل سے مشکور ہوں جبکہ اپوزیشن کا بھی جمہوری عمل کو کامیاب بنانے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔

عثمان بزدار نے وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہونے کے بعد اسمبلی میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے پنجاب کی پسماندہ تحصیل کی وجہ سے منتخب کیا گیا، پورے پنجاب میں گڈ گورننس کا اصول بنائیں گے اداروں کو مضبوط کریں گے جبکہ کے پی کی طرز پر پنجاب میں پولیس کا ماڈل اپنائیں گے۔

عثمان بزدار نے مزید کہا کہ گڈگورننس ترجیح ہوگی کرپشن کا خاتمہ کریں گے، اپنے قائد کے ویژن سے تمام مشکلات پر قابو پائیں گے، سب سے پسماندہ علاقے سے تعلق رکھتا ہوں، میرے گھر میں آج تک بجلی نہیں ہے۔

قبل ازیں سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ حمزہ شہباز خطاب کریں تو دوسری طرف سے بات نہ کی جائے جبکہ نومنتخب وزیراعلیٰ کو مختصر خطاب کرنے کی دعوت تھی۔ خیال رہے کہ عثمان بزدار 186 ووٹ لیکر پنجاب کے وزیراعلیٰ کے لئے منتخب ہوگئے ہیں جبکہ ان کے مدمقابل پاکستان مسلم لیگ ن کے حمزہ شہباز شریف نے 159 ووٹ حاصل کئے۔


ای پیپر