مناسک حج کا آغاز ہوگیا ، حجاج کرام منیٰ پہنچ گئے

19 اگست 2018 (12:33)

جدہ: مسلمانوں کے سب سے بڑے مذہبی اجتماع کیلئے مناسک حج کا آغاز ہوگیا ہے اور حجاج کرام منیٰ پہنچ گئے ہیں جہاں لاکھوں حاجی آج کا دن اور رات بسر کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں مناسک حج شروع ہو گئے، حجاج کرام کل صبح نماز فجر کے بعد میدان عرفات روانہ ہو جائیں گے جہاں حج کا رکن اعظم وقوف عرفات ادا کریں گے وہ مسجد نمرہ میں خطبہ حج سنیں گے۔

ظہر اور عصر کی قصر نمازیں ایک ساتھ ادا کی جائیں گی، سورج غروب ہونے کے بعد حجاج کرام مزدلفہ روانہ ہو جائیں گے جہاں وہ مغرب اور عشا کی نمازیں ایک ساتھ قصر کے ساتھ ادا کریں گے۔ مزدلفہ میں رات قیام کے دوران حجاج رمی جمرات کے لیے کنکریاں چنیں گے اور نماز فجر ادا کریں گے پھر طلوع آفتاب کے بعد منیٰ روانہ ہو جائیں گے، جہاں سب سے بڑے شیطان کو کنکریاں ماری جائیں گی۔

رمی کے بعد حجاج جانور کی قربانی اور سر منڈوا کر یا بال کٹوا کر احرام کھول دیں گے۔ اس کے بعد مکہ المکرمہ جا کر مسجد الحرام میں طواف زیارت اور صفا و مروہ کے درمیان سعی کریں گے، بعدازاں حجاج کرام واپس منیٰ آجائیں گے۔

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

مزیدخبریں