NAB's big move, former Prime Minister Nawaz Sharif's decision to auction all properties
کیپشن:   فائل فوٹو
19 اپریل 2021 (14:41) 2021-04-19

لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کیخلاف بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے ان کی تمام جائیدادوں کی نیلامی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

نیب ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کی جائیداوں کی نیلامی کیلئےعدالت میں درخواست دائر کی جائے گی۔

خبریں ہیں کہ اس اہم معاملے میں نیب راولپنڈی کی جانب سے درخواست تیار کر لی گئی ہے۔ نیو نیوز کے مطابق سابق وزیراعظم کی جائیدادوں کی نیلامی کے لیے نیب پراسیکیوٹر احتساب عدالت میں درخواست جمع کرائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فروخت کی جانے والی جائیدادوں میں اتفاق فاؤنڈری، حدیبیہ پیپر ملز، بخش ٹیکسٹائل ملز اور حدیبیہ انجینئرنگ شامل ہیں۔

نیب کے مطابق لاہور اپرمال کی جائیداد اور زرعی اراضی، 110 ایکڑ پر مشتمل فش فارم اور لاہور کے پوش علاقے میں 20 ایکڑ اراضی بھی فروخت کی جائے گی۔

نواز شریف کا مری کا بنگلہ، شانگلہ گلی کا گھر، شیخوپورہ میں 2 قیمتی جائیدادیں اور ان کے نام پر 5 قیمتی گاڑیاں بھی نیلام کی جائیں گی۔

سابق وزیر اعظم کے 3 فارن اور 5 پاکستانی اکاؤنٹ میں موجود رقم بھی قومی خزانے میں منتقل کر دیا جائے گا۔

قومی احتساب بیورو نے سیکشن 88 سی آر پی سی کے تحت عدالت سے اجازت مانگی ہے۔ نواز شریف کو عدالت نے اگست 2020ء سے اشتہاری قرار دیا ہوا ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف 2019ء میں علاج کے لیے لندن گئے تھے لیکن انہوں نے پاکستان واپسی سے انکار کر دیا جس کے بعد عدالت نے ان کو اشتہاری قرار دے رکھا ہے۔


ای پیپر