Preparations, budget, new financial year, government priorities, Shaukat Tareen
19 اپریل 2021 (14:22) 2021-04-19

اسلام آباد: وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ نئے مالی سال کے بجٹ کی تیاریاں شروع کردی ہیں ۔ آئندہ مالی بجٹ پر وزارت خزانہ سے بریفنگ لی ہے ۔

شوکت ترین نے کہا ، 11 سال بعد وزارت خزانہ آئے ہیں ، دو گھنٹے معاشی امور پر بریفنگ لی ہے ، نہیں معلوم یہاں کیا ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کی بہتری کیلئے بہت سے منصوبے ہیں ، جلد میڈیا کو ترجیحات سے آگاہ کریں گے ۔

خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر خزانہ نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات میں معاشی صورتحال پر گفتگو کی تھی ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ملاقات میں وزیر توانائی حماد اظہر اور پی ٹی آئی سوشل میڈیا ٹیم کے اراکین بھی موجود تھے ۔ شرکا نے شوکت ترین سے معاشی پلان کے حوالے سے سوالات کیے ۔

شرکا نے شوکت ترین سے یہ بھی پوچھا کہ کیا گورنر سٹیٹ بینک کو تبدیل کیا جائے گا ۔ وزیر خزانہ نے شرکا کے سوالات کے جواب میں کہا کہ رضا باقر کی تبدیلی کا امکان نہیں ۔ ملک کی معاشی صورتحال کا صرف ایک حل ہے اور وہ ہے شرح نمو 6 سے 7 فیصد تک لے جانا ۔

وزیراعظم عمران خان نے اس موقع پر کہا کہ شوکت ترین کو 35 سال سے جانتا ہوں ۔ شوکت ترین شوکت خانم ہسپتال کے بورڈ آف گورنرز کا حصہ بھی رہے ہیں ۔ امید ہے وہ اپنے تجربے کی بنیاد پر معاشی صورتحال کو مزید بہتر بنائیں گے ۔

واضح رہے کہ شوکت ترین موجودہ حکومت کے دور میں چوتھے وزیر خزانہ ہیں ۔ سب سے پہلے اسد عمر اس کے بعد حفیظ شیخ اور 17 دن تک حماد اظہر وزیر خزانہ رہے ۔ اب شوکت ترین کو وزیر خزانہ بنایا گیا ہے ۔


ای پیپر