Rehmat-ul-Ulameen Scholarship for Poor and Intelligent Students in Punjab
کیپشن:   فائل فوٹو
19 اپریل 2021 (08:43) 2021-04-19

لاہور: پنجاب میں نادار اور ذہین طلبہ کیلئے حضرت محمد ﷺ سے منسوب رحمت اللعالمینؐ سکالرشپ کامیابی سے جاری ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ رحمت اللعالمین ﷺ سکالرشپ کے اجرا کا مقصد محروم طلبہ کو معاشی سپورٹ فراہم کرناہے۔ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کے مطابق مراعات یافتہ اور محروم طبقات کے درمیان معاشی تفاوت کم کرنا چاہتے ہیں۔ رحمت اللعالمین ﷺ سکالرشپ سے نادار طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔ رحمت اللعالمین ﷺ سکالرشپ کے تحت وظائف کی منصفانہ اور شفاف تقسیم یقینی بنائیں گے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پی آئی ٹی کی ویب پورٹل پر طلبہ گھر بیٹھے سکالرشپ کے لئے اپلائی کر سکتے ہیں۔ انٹرمیڈیٹ رحمت اللعالمین ﷺ سکالرشپ میٹرک کے نتائج کی بنیاد پر دیا جائے گا اور انڈر گریجوایٹ رحمت اللعالمین ﷺ سکالرشپ انٹرمیڈیٹ کے نتائج کی بنیاد پر فراہم کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سرکاری کالجز اور یونیورسٹیوں کے طلبہ کو 14 ہزار انٹرمیڈیٹ سکالرشپ اور 891 انڈر گریجویٹ سکالرشپ ملیں گے۔ 50 فیصد رحمت اللعالمین ﷺ سکالرشپ ضرورت مند بچوں کو دیا جائے گا جبکہ 50 فیصد رحمت اللعالمین ﷺ سکالرشپ میرٹ کی بنیاد پر تمام اضلاع کے طلبہ کو دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سائنس کے طلبہ کو 60 فیصد اور Humanities گروپ کے طلبہ کو 40 فیصد سکالر شپ شیئر ملے گا۔ رحمت اللعالمین ﷺ سکالرشپ درجہ چہارم تک سرکاری ملازمین کے طالبعلم بچوں کو بھی دیا جائے گا۔ ہر طالب علم کو سالانہ 25 ہزار روپے انٹرمیڈیٹ سکالرشپ کی مد میں ادا کئے جائیں گے۔ انٹرمیڈیٹ سکالر شپ کی مدمیں ہر سال 700 ملین روپے ادا کئے جائیں گے۔ 30 سرکاری یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم طلبہ کو انڈر گریجوایٹ سکالرشپ دئیے جائیں گے اور ہر یونیورسٹی کے ہر انڈر گریجوایٹ پروگرام میں سرفہرست طالب علم کو سکالر شپ دیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مزید بتایا کہ حکومت پنجاب ہر یونیورسٹی کے ٹاپر کے پورے اکیڈیمک سیشن کی فیس ادا کرے گی۔ انڈر گریجوایٹ سکالرشپ میں مکمل اکیڈیمک سیشن کی فل ٹیوشن فیس شامل ہوگی۔ ہر سال 6 کروڑ 70 لاکھ روپے اور مجموعی طور پر 26 کروڑ 80 لاکھ روپے ادا کئے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ مالی دشواریوں کی وجہ سے تعلیم کا سلسلہ منقطع کرنے والے نادار طلبہ سکالرشپ سے مستفید ہونگے۔ رحمت اللعالمین ﷺ سکالرشپ کسی خاص مذہب یا طبقے کے لئے نہیں بلکہ ہر ہونہار اور ضرورت مند طالب علم اس سے مستفید ہو سکے گا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ حکومت پنجاب رحمت اللعالمین ﷺ سکالرشپ کو ناصرف جاری رکھے گی بلکہ ہر سال خاطر خواہ فنڈز بھی مختص کئے جائیں گے۔ فلاح انسانیت نبی کریم ﷺ کی سنت ہے، رحمت اللعالمین ﷺ سکالر شپ سے اسی سنت کی پیروی کر رہے ہیں۔


ای پیپر