In solidarity with the banned TLP, Mufti Muneeb announced a nationwide wheel jam strike
کیپشن:   فائل فوٹو
19 اپریل 2021 (07:42) 2021-04-19

کراچی: مفتی منیب الرحمان نے کالعدم تحریک لبیک سے یکجہتی کرتے ہوئے آج ملک بھر میں پہیہ جام ہڑتال کی کال دیدی ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ تاجر برداری اپنا کاروبار بند رکھیں جبکہ عوام بھی شٹر ڈاؤن ہڑتال کو کامیاب بنائیں، مظاہرین سے گزارش ہے کسی کو نقصان نہیں پہنچایا جائے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے جو ظلم ڈھایا ہے، اس کی مذمت کرتے ہیں۔ پنجاب پولیس نے رنجیت سنگھ کی یاد تازہ کر دی ہے۔ حکمرانوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ یہ اقتدار ایک دن کالعدم ہو جائے گا۔

مفتی منیب الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم نے مشورہ دیا تھا کہ تحریک لبیک کی قیادت کو ایک جگہ جمع کیا جائے لیکن اہل اقتدار نے ظلم کی داستان رقم کر دی۔ ہمارا متفقہ پیغام ہے کہ حکومت نے جو ٹی ایل پی کے کارکنوں پر ظلم ڈھایا ہے، اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی جاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج سیاہ دور ہے۔ تاریخ ان حکمرانون کو کبھی معاف نہیں کریگی۔ حکمران طاقت کے نشے میں چور ہیں۔ سوشل میڈیا سے لوگوں تک خبریں پہنچ رہی ہیں جبکہ مین سٹریم میڈیا پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس امریکا اور برطانیہ سمیت کئی ممالک سے فون آ رہے ہیں۔ ہم منگل سے جمعرات تک بیرون ملک پاکستان قونصل خانے کے باہر احتجاج کرینگے۔ حکومت سنجیدگی سے کام نہیں لے رہی بلکہ مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔

مفتی منیب کا کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ ہمارے ورکرز کو فی الفور رہا کیا جائے۔ ہم شیخ رشید کو کہتے ہیں کہ فرعونی لب ولہجہ چھوڑ دیں، یہ حکومت چلے جائیگی مگر آپ کی باتیں یاد رکھی جائینگی۔

ان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید کے پرانے کلپس موجود ہیں جس میں ان کی نظر میں ہم ٹھیک تھے، آج ہم غلط ہو گئے۔ ایسے متنازع شخص وزیر داخلہ کے منصب پر ہمیں قبول نہیں ہے۔


ای پیپر