تصویر ٹوئٹر

مشرق وسطی میں امن تک حرمین شرفین کو خطرہ رہے گا: جنرل زبیرمحمود حیات
19 اپریل 2019 (12:49) 2019-04-19

اسلام آباد: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل زبیر محمود حیات نے کہا ہے کہ مشرق وسطی میں امن تک حرمین شرفین کو خطرہ رہے گا۔

تفصیلات کے مطابق جنرل زبیر محمود حیات نے پاکستان سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی افواج کسی بھی جارحیت کا بھرپورجواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں اور کسی بھی مس ایڈونچر و مس کیلکولیشن کا جواب دینے کیلئے تیار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دنیا میں جنگی سازوسامان کا بڑے پیمانے پر لین دین جاری ہے، پاکستان کو بھی اپنے مفاد اور دفاع کیلئے اس شعبے میں توجہ دینی ہوگی، دنیا بھر میں مسلم ممالک کو مختلف مسائل اور بحراںوں کا سامنا ہے جبکہ دنیا میں اسلام فوبیا بھی پروان چڑھ رہا ہے، جب تک مشرق وسطی میں امن قائم نہیں ہوگا حرمین شرفین کو خطرہ لاحق رہے گا۔

جنرل زبیر محمود حیات کا کہنا تھا کہ کشمیریوں نے بھارتی تسلط کو مسترد کیا ہے اور ہزاروں جانوں کی قربانی دی ہے، کشمیری اپنے شہداء کو آج پاکستانی سبز ہلالی پرچم میں دفنا رہے ہیں۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کا کہنا تھا کہ مسئلہ افغانستان کا کوئی فوجی حل نہیں ہے، پاکستان چاہتا ہے کہ افغانستان میں امن بحال ہو جس کیلئے مزاکرات کی حمایت کرتا ہے، پاکستان میں ماضی میں غلطیاں ہوئی ہیں لیکن اب ہمیں سیکھنے کی ضرورت ہے۔


ای پیپر